انقرہ : ترکی کے مغربی حصے میں کم از کم 4 شہروں اور صوبوں میں جنگلات میں لگی آگ کے باعث تقریبآ چار ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترکی کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے اے ایف اے ڈی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران ازمیر، ایڈن، بولو، موگلہ اور منیسا نامی شہروں سمیت کل 131 مقامات پر جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جن میں زرعی اور جنگلاتی زمین شامل ہے۔ ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ترکی کے تیسرے سب سے بڑے شہر ازمیر میں جمعہ کی شب جنگلاتی آگ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس اور صنعتی علاقہ تک پہنچ گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ازمیر کے علاقے یامانلر میں جمعہ کو رات گئے 17 اپارٹمنٹس اس آگ کی لپیٹ میں آ گئے جبکہ 105 مکانات اور 44 کاروباری مراکز کو خالی کرا لیا گیا۔ یہ بات ترکی کے وزیر برائے زراعت و جنگلات، ابراہیم یوماکلی نے آج ہفتہ 17 اگست کی صبح ازمیر میں نامہ نگاروں کو بتائی۔ یوماکلی کے بقول ازمیر میں لگی آگ آج صبح تک رہائشی مرکز کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 13 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے امدادی ٹیمیں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ترک وزیر نے مزید کہا کہ اب تک، ازمیر میں اس آگ نے 1,600 ہیکٹر اراضی کو نقصان پہنچایا ہے۔ دریں اثنا جنگلاتی آگ سے متعلق مشتبہ تخریب کاری کے الزام میں چھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں سے دو ازمیر میں اور چار شمال مغربی شہر بولو سے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔