تنقیح کے اقدامات میں تیزی ، حیڈرا سے سخت کارروائی کا آغاز
حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) تعلیمی ادارے جعلی و فرضی فائر سیفٹی NOC داخل کرتے ہوئے اپنے کالجس کے لئے اجازت نامہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ’حیڈرا‘ نے تاحال ایسے 52 فرضی NOC’s کی نشاندہی کی ہے اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کالجس کے انتظامیہ کے خلاف کاروائی کرنے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ’حیڈرا‘ کی جانب سے حاصل کئے جانے والے فائر سیفٹی NOC کے طور پر جو دستاویزات کالج انتظامیہ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں پیش کئے ہیں ان میں بڑی تعداد میں جعلی اور فرضی قرار دیئے جانے کے بعد ’حیڈرا‘ نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ’حیڈرا‘ کے NOC کے فرضی و جعلی ہونے کی توثیق کے بعد اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کئے جانے والے فائر سیفٹیNOC جو محکمہ تعلیم کے پاس داخل کئے گئے ہیں ان کی تنقیح کے اقدامات کو بھی تیز کردیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ’حیڈرا‘ نے تعلیمی اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی اس جعل سازی کے بعد اس معاملہ میں مقدمہ کا اندراج تو کروایا ہے لیکن ساتھ ہی سال 2025 اور 2026 کے دوران جاری کئے گئے تمام فائر سیفٹی این او سی کی جانچ کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے ’حیڈرا‘ میں خدمات انجام دینے والوں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ تجارتی مراکز‘ اسکول اور کالجس میں شعور بیداری مہم چلانے کے علاوہ فائر سیفٹی این او سی کی تنقیح کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ بچوں اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے اقدامات کئے جاسکیں۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسکول اور کالجس کی مسلمہ حیثیت اور اجازت ناموں کے حصول کے لئے فائر سیفٹی کے علاوہ دیگر این او سی دلوانے کے معاملہ میں باضابطہ ’ریاکٹ‘ کام کرتا ہے جو کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے مسلمہ حیثیت اور اجازت ناموں کی ان فرضی و جعلی اسنادات کی بنیاد پر اجرائی کو یقینی بناتا ہے۔’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں ادارہ کی جانب سے مجموعی طور پر 142 فائر سیفٹی این او سی جاری کئے گئے ہیں اور سال 2025-26 کے دوران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے تنقیح وتوثیق کے لئے 76 این اوسی موصول ہوئے جن کی تنقیح کے دوران مجموعی طور پر ان میں 7 فرضی و جعلی اسنادات کی نشاندہی کی گئی اور دوسرے مرحلہ میں سال 2026-27 کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ذریعہ 66 کالجس کے NOC حاصل ہوئے جن میں 45کالجس کے این او سی جعلی پائے گئے ہیں۔3/m/b