بی ایڈ میں 81 فیصد پی جی میں 72 فیصد اور ڈگری میں 52 فیصد لڑکیوں نے داخلہ لیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی لڑکیاں تعلیم کے معاملے میں بہت زیادہ ترقی کررہی ہیں ۔ اعلیٰ تعلیم میں لڑکیوں کے اندراج کے تناسب میں قومی اوسط سے زیادہ تلنگانہ کی لڑکیاں بہتر نتائج حاصل کررہی ہیں ۔ تمام تعلیمی اداروں کے داخلوں میں لڑکیوں کا مظاہرہ ناقابل فراموش ہے ۔ کے جی بی وی تا پی جی تمام تعلیمی شعبوں میں تلنگانہ لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ پوسٹ گریجویشن میں 72 فیصد لڑکیوں نے داخلہ لیا ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال بی ایڈ میں 81 فیصد لڑکیوں نے داخلہ لیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے دیہی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے معاملے میں زیادہ رسائی حاصل ہوگئی ہے ۔ حکومت کی حوصلہ افزائی اور خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ لڑکیاں ریسیڈنشیل ، ماڈل اسکولس ، کے جی بی وی اسکولس میں داخلہ لے رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈگری ، بی ڈی ایس کے علاوہ یونیورسٹیز کی تعلیم میں لڑکیوں کا رجحان دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں اعلیٰ تعلیم میں لڑکیاں دلچسپی دکھا رہی ہیں جس سے سارے ملک میں لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم میں تلنگانہ کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال ڈگری ، پوسٹ گریجویشن اور بی ایڈ کے داخلوں میں لڑکیوں کا تناسب لڑکوں سے کئی گنا زیادہ ہے ۔ پی جی کورسیس میں 72 فیصد ڈگری کورسیس میں 52 فیصد اور بی ایڈ کورسیس میں 81 فیصد لڑکیوں نے داخلہ لیا ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال سے تلنگانہ ویمن یونیورسٹی دستیاب ہوئی ہے جس میں فرسٹ ایر میں پی جی کی 490 نشستیں ہیں ۔ تمام نشستیں لڑکیوں کے لیے مختص کردی گئی ہیں ۔ یونیورسٹی کے اساس پر داخلوں میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے ۔۔ن