معیار کو بہتر بنانا ضروری ‘آئی آئی ٹی مدراس کے طلباء سے ملاقات
نئی دہلی :کانگریس قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے حال ہی میں آئی آئی ٹی مدراس کے کچھ روشن خیال طلبا سے گفتگو کی اور ہندوستان کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے بتایا کہ ہندوستانی تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور جذبات کو سمجھنا اور ان کے مطابق مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کا تعلیمی نظام اب بھی چند مخصوص شعبوں تک محدود ہے جیسے ڈاکٹر، انجنیئر، آئی اے ایس، آئی پی ایس یا فوج جبکہ طلباء کو مختلف شعبوں میں کیریئر کے مواقع فراہم کئے جانے چائے تاکہ وہ اپنے جذبے کے مطابق مستقبل کیلئے نئے راستے منتخب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عالمی سطح پر لیڈر بنانے کیلئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو نئی سوچ اور نیا نقطہ نظر فراہم کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر طلبا کے سوالات کو سراہتے ہوئے راہول نے کہا کہ اس طرح کی بات چیت سے انہیں ہندوستان کے مستقبل کے بارے میں نئی بصیرت حاصل ہوئی ہے۔ اس نوعیت کے خیالات کا تبادلہ صرف نظریات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس بات پر زور دیا کہ اس بات چیت سے جو رہنمائی حاصل ہو اس پر عمل بھی ہونا چاہیے تاکہ ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک انصاف پسند اور ترقی پسند قوم کے طور پر پیش کیا جا سکے۔راہول گاندھی نے اس ویڈیو کو ایکس پر بھی شیئر کیا اور اس میں کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک اپنے لوگوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے اور یہ صرف نجی شعبے اور مالی ترغیبات کے ذریعے ممکن نہیں۔ تعلیم کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہیے اور سرکاری اداروں کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔راہول گاندھی نے واضح طور پر کہا کہ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ تعلیم تک رسائی اور معیار دونوں یکساں ہوں تاکہ تمام بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع مل سکیں۔ ان کے مطابق نجی تعلیم ادارے تعلیم کے معیار میں کمی اور سماجی تفاوت کے باعث عوامی تعلیم کے نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔