تعمیراتی کاموں پر پابندی، مزدوروں کو پانچ ہزار روپے مالی مدد ملے گی:کجریوال

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے دہلی میں تعمیراتی کاموں میں مصروف تمام رجسٹرڈ مزدوروں کو پانچ ہزار روپے کی یک وقتی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ کجریوال نے آج ایک ٹویٹ میں کہاکہ پوری دہلی میں آلودگی کے پیش نظر تعمیراتی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔ وزیر محنت منیش سیسودیا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران ہر تعمیراتی کارکن کو پانچ ہزار روپے ماہانہ مالی امداد کے طور پر دیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی آلودگی کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی کے دوران دہلی حکومت نے سات لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ورکروں کو ایک بار پانچ ہزار روپے کی مالی امداد دی تھی اور اس پر تقریباً 350 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے ۔30 اکتوبر کو دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے بڑھتی ہوئی آلودگی کے مسئلے کو دیکھتے ہوئے تعمیرات وانہدام کے کاموں پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔ سی کیو اے ایم کے حکم پر دہلی حکومت نے دہلی میں گریپ کے تیسرے مرحلے کے تحت پابندیوں کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔