تقررات کیلئے 4 جنوری کو ریاست بھر میں یوتھ کانگریس کا احتجاج

   

حکومت کو 15 جنوری تک مہلت، بیروزگار ی الاؤنس کے وعدہ سے انحراف
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس نے بے روزگار نوجوانوں کی تائید میں 4 جنوری کو ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی اور رام موہن ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے روزگار کی فراہمی کے مسئلہ پر اپنے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔نریندر مودی و کے سی آر حکومتیں گزشتہ سات برسوں میں نئے روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ حکومتوں کی ناکامی سے عاجز آکر بے روزگار نوجوان خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو شراب کی فروخت اور نئے سال کی تقاریب سے جس قدر دلچسپی ہے کم از کم بے روزگار نوجوانوں سے اتنی ہی ہمدردی کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حکومت پبلک سرویس کمیشن سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا تیقن دیتی رہی لیکن عمل ندارد ہے۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے 4 جنوری کو ریاست بھر میں تمام اسمبلی حلقہ جات کے ہیڈکوارٹرس پر ایک روزہ دھرنا منظم کیا جائے گا۔ بے روزگار نوجوانوں کو کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ الاؤنس کا اعلان کیا گیا جس پر آج تک عمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 15 جنوری تک تقررات کا عمل شروع نہ کیا گیا تو ریاست بھر میں ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کی جائے گی۔ر