70.07 فیصد اساتذہ کامیاب ، ویب سائیٹ سے نتائج ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی حکومت نے سرکاری ، امداد یافتہ اور مقامی بلدیاتی اسکولس میں خدمات انجام دینے والے ان سرویس ٹیچرس کے لیے منعقد کئے گئے تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچر اہلیت ٹسٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن اور TG TET چیرپرسن نے یہ نتائج جاری کئے ۔ 21 جولائی کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کی بنیاد پر یہ آن لائن امتحان 8 اور 9 ستمبر کو تین مرحلوں میں کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ (CBT) کے طور پر منعقد کیا گیا تھا اس امتحان کے لیے ریاست بھر سے جملہ 24,986 اساتذہ نے رجسٹریشن کروایا تھا ۔ جن میں 22,477 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی ۔ نتائج کے مطابق 15,749 ٹیچرس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ جس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں کامیابی کا مجموعی تناسب 70.07 فیصد درج کیا گیا ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام امیدوار اپنے نتائج اور مارکس میمو محکمہ تعلیم کی سرکاری ویب سائٹ schooledu.telangana.gov.in سے دیکھ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ امیدوار اپنے قریبی می سیوا مراکز کے ذریعے بھی اپنے نتائج اور رزلٹ کاپی ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر نکولس نے کہا کہ ان سروس اساتذہ کے لیے ایک اور خصوصی TET اکتوبر کے مہینے میں جاری کیا جائے گا جودرخواستوں کی تعداد پر منحصر ہوگا۔ امتحان نومبر کے مہینے میں منعقد کیا جائے گا اور نتائج تیزی سے جاری کیے جائیں گے۔ریاستی حکومت خصوصی ٹی ای ٹی کا انعقاد کر رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ تمام ان سروس اساتذہ، سوائے پانچ سال سے کم سروس والے اساتذہ، اپنی ملازمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے اگست 2028 تک ٹی ای ٹی پاس کر لیں تاہم پانچ سال سے کم سروس والے اساتذہ کو پروموشن کا اہل بننے کیلئے TET پاس کرنا ضروری ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد سے حکومت نے ایک خصوصی اور دو باقاعدہ ٹی ای ٹی کرائے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نومبر کے مہینے میں ٹی ای ٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور جنوری 2027 میں امتحانات کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ DEd اور BEd دونوں گریجویٹس اور ان سروس ٹیچرز ریگولر TET کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔۔ 2/a/b