تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کی دوسرے مرحلہ میں روانگی

   

روانگی کے شیڈول کو قطعیت ، 15 جولائی کے بعد حیدرآباد سے قافلوں کی روانگی
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2019 ء کیلئے ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کے شیڈول کو قطعیت دے دی ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلہ میں روانہ ہونے والے عازمین کے امبارگیشن پوائنٹس کا اعلان کردیا گیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج دوسرے مرحلہ میں حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے ۔ آندھراپردیش حکومت نے وجئے واڑہ سے عازمین حج کی روانگی کی مساعی کی تھی لیکن سنٹرل حج کمیٹی نے جاریہ سال حیدرآباد سے روانگی کو منظوری دی۔ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلہ میں 10 امبارگیشن پوائنٹ کے عازمین روانہ ہوں گے جو مدینہ منورہ پہنچیں گے جن کی واپسی جدہ سے ہوگی جبکہ دوسرے مرحلہ میں 12 امبارگیشن پوائنٹس کے عازمین کی روانگی عمل میں آئیں گی۔ یہ عازمین اپنے مقامات سے جدہ پہنچیں گے اور ان کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا یکم جولائی کو آغاز ہوگا اور 3 اگست تک پروازیں جاری رہیں گی۔ دوسرے مرحلہ کے اعتبار سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین 15 جولائی کے بعد روانہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے 4169 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا تھا۔ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کے محفوظ زمرہ میں 474 نشستیں محفوظ کی گئیں اور 3685 نشستوں کیلئے ڈرا منعقد ہوا۔ گزشتہ دنوں ویٹنگ لسٹ میں 308 نشستیں الاٹ ہوئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین حج کو 5 اپریل تک اپنی دوسری قسط ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنا ہے جبکہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین 5 اپریل تک پہلی اور دوسری قسط کی مجموعی رقم دو لاکھ ایک ہزار روپئے ادا کریں گے۔ تیسری قسط کی ادائیگی کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا ۔ جاریہ سال جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے گھٹاکر 5 فیصد کردیا گیا ہے۔