تلنگانہ اور اے پی میں سنکرانتی تہوار کا جوش وخروش

   

حیدرآباد : 15 جنوری (یو این آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سنکرانتی تہوار کا جوش وخروش دیکھنے لائق ہے ۔تلگو ریاستوں کے تمام دیہات اس تہوار کے موقع پر توجہ کے مرکز بن گئے ہیں جہاں مختلف رنگوں کی پتنگیں نیلگوں آسمان پر دیکھی جارہی ہیں۔ سنکرانتی کے موقع پر پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ گلزار حوض میں پتنگوں اور ماجوں کی خریداری کے لئے کافی گہماگہمی دیکھی جارہی ہے ۔ خاص کر ضلع رنگاریڈی میں کے سی آر کی پتنگ کی عوام میں دھوم دیکھی گئی۔ پتنگوں کی قیمتوں میں جاریہ سال اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ فلم اداکاروں اورکرکٹ کھلاڑیوں کے پتنگ بھی بازارمیں فروخت کئے گئے ۔مہدی پٹنم علاقے میں بعض پتنگ بازوں نے کہا کہ وہ بیرونی ممالک میں ملازمت کرتے ہیں لیکن سنکرانتی کے موقع پر وہ پتنگ اُڑانے کے لئے وہ حیدرآباد آتے ہیں۔