تلنگانہ: ایک ہی خاندان کے19 افراد متاثر

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): ظہیر آباد ٹاؤن کے ایک ہی خاندان کے 19 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ 9 جون کو ان کے خاندان کی ایک 55 سالہ ضعیف خاتون حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں فوت ہوگئی تھیں۔ ان کی تدفین ظہیر آباد کے ایک قبرستان میں عمل میں آئی۔ دوسرے دن ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ متوفیہ کورونا وائرس سے متاثر ہ تھیں۔

محکمہ صحت اور بلدیہ کے عہدیدار فوری حرکت میں آتے ہوئے متوفیہ کے دیگر ارکان خاندان کو آئسولیشن وارڈ منتقل کیا۔ محکمہ صحت نے خاندان کے جملہ 25افراد سے خون کے نمونے حاصل کئے او ران کے ٹسٹ کئے گئے جن میں سے 19 افراد مثبت پائے گئے ہیں۔متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ان تمام متاثرین کو سنگاریڈی کے ایک سرکاری دواخانہ منتقل کیاگیا اور ان کے علاقہ کو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ عہدیدار ان تمام افراد کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں جن لوگوں نے متوفیہ کی آخری رسومات میں شرکت کئے تھے۔