تلنگانہ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ

,

   

حیدرآباد میں جمعہ کو سال کا گرم ترین دن رہا ‘ مزید شدت کا امکان
حیدرآباد 22 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے مختلف مقامات پر درجہ حرارت میں زبردست اضافہ کے ساتھ گرمی کی لہر میں شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے ۔ حیدرآباد میں جمعرات کو درجہ حرارت 42 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا تھا جو جمعہ کو مزید اضافہ کے ساتھ 42.7 ڈگری سلسئیس درج ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جاریہ سال یہ سب سے زیادہ ریکارڈ ہونے والا درجہ حرارت تھا ۔ عہدیداروں نے اندیشے ظاہر کئے ہیں کہ ئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ بھی درج ہوسکتا ہے ۔ تاہم رات کے وقت قدرے راحت محسوس کی جا رہی ہے کیونکہ درجہ حرارت 23 ڈگری سے کچھ زیادہ درج ہو رہا ہے ۔ یہ معمول سے قدرے کم بتایا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں یہ درجہ حرارت مختلف درج ہو رہا ہے ۔ بندلہ گوڑہ میں 43.9 ڈگری ‘ مشیر آباد میں 43.7 ڈگری ‘ چارمینار میں 43.6 ڈگری اور قطب اللہ پور میں 43.5 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44.5 دس سال قبل 2010 میں ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ ریاست بھر میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ بھدرادری کتہ گوڑم ‘ نلگنڈہ ‘ پیدا پلی ‘ جگتیال ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ نرمل اور کھمم میں درجہ حرارت 46 ڈگری سلسئیس سے زیادہ درج کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب حیدرآباد میں آئندہ دو دنوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 27 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔