ملازمین کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے تعاون کا تیقن ، ٹی این جی اوز تقریب سے کے کویتا و ایس ایم حسینی مجیب کا خطاب
حیدرآباد۔6جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن گریٹر حیدرآباد کی ڈائری اور کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکن اور صدر تلنگانہ جاگرتی کے کویتا نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو اور تلنگانہ ہی واحد کے سرکاری ملازمین کا رشتہ ماں اور بیٹے کی طرح ہے ‘ سرکاری ملازمین کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے والی ہندوستان بھر میں صرف تلنگانہ حکومت ہے ۔ کویتا نے کہاکہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کبھی بھی سرکاری ملازمین کی قربانیوں کو فراموش نہیںکریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کی کامیابی سرکاری ملازمین کی مرہون منت ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر مثال پیش کرتے ہوئے بی ایچ ای ایل ‘ سنگرینی کالریز اور ائیر انڈیا کے نام پیش کئے اورکہاکہ ان اداروں کے ملازمین کے ساتھ انصافیاں کی گئیں جس کی وجہہ سے مذکورہ اداروں کا دیوالیہ نکل گیا۔حکمرانوں اور سرکاری ملازمین کے درمیان میںاگر تال میل ٹھیک رہتا ہے تو یقینا سرکاری ادارے نہ صرف ریاست کو مالیہ فراہم کرنے میںمدد گار ثابت ہوسکتے ہیں بلکہ ریاست کا نام بھی روشن ہوتا ہے۔ کویتا نے ٹی این جی اوز گریٹرحیدرآباد کے صدر ایس ایم حسینی مجیب کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ڈائری اور کیلنڈر کی رسم اجرائی تو ایک بہانہ ہے دراصل وہ تمام قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے سرکاری ملازمین کے مسائل پیش کرنے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔کویتا نے تمام سرکاری ملازمین کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اورکہاکہ سرکاری ملازمین کے کسی بھی مسئلے پر وہ ہر وقت نمائندگی کے لئے تیار ہیں اور حکومت تلنگانہ بھی سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل میںکافی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کنٹراکٹ ملازمین اور آئوٹ سورسنگ ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کا بھی یقین دلایاہے۔ سابق چیرمن تلنگانہ قانون سازکونسل و سابق صدر ٹی این جی اوز سوامی گوڑ نے حکومت اور چیف منسٹر کو سرکاری ملازمین کا دوست قراردیا او رکہاکہ ملازمین کے وظائف میںاضافے پر غور کررہی ہے۔ صدر ٹی این جی اوزسنٹرل کمیٹی ایم راجندر ا نے کہاکہ بہت جلد سنٹرل کمیٹی کی ڈائری اور کیلنڈر کی رسم اجرائی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے ہاتھوں عمل میںآئے گا ۔