تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر کے خلاف درج مقدمہ کو ہائی کورٹ نے کالعدم کردیا

   

حیدرآباد/3 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں ریل روکو احتجاج پر بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف دائر مقدمہ کو کالعدم کردیا ہے۔ 15 اکٹوبر 2011 کو علحدہ تلنگانہ ایجی ٹیشن کے دوران سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ریل روکو احتجاج منظم کیا گیا تھا۔ کے سی آر کی اپیل پر یہ احتجاج کیا گیا جس میں بعض قائدین کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ احتجاج پر کے سی آر اور دیگر قائدین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ کے سی آر نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے مقدمہ کو کالعدم کرنے کی اپیل کی ۔ کے سی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل احتجاج میں شریک نہیں تھے باوجود اس کے مقدمہ درج کیا گیا ۔ پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کے سی آر کی اپیل پر احتجاج منظم کیا گیا تھا۔ کے سی آر کے وکلاء نے کہا کہ غیر موجودگی کے باوجود مقدمہ درج کیا گیا لہذا اسے کالعدم کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد مقدمہ کو کالعدم کردیا جس سے کے سی آر کو بڑی راحت ملی۔1