تلنگانہ تمام شعبوں میں آگے ،بی آرایس حکومت کیاسکیمات نقل کی جارہی ہیں :ہریش راؤ

   

حیدرآباد29 ڈسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے دعوی کیا کہ تلنگانہ تمام شعبوں میں آگے ہے اوربی آرایس حکومت کی اسکیمات کی نقل کرتے ہوئے پورے ملک میں نافذ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرپور میں 30 بستروں کے اسپتال کا افتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی اسکیمات مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ، رعیتوبندھو کی نقل کرکے مختلف ریاستوں میں اس کو نافذکیاجارہا ہے ۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ کون کام کر رہا ہے ، ٹیکس کون دے رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگ قبل ازیں علاج کیلئے پڑوسی ریاست مہاراشٹرجاتے تھے تاہم اب صحت کے شعبہ کی کافی ترقی ہوئی ہے جس کے بعد یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ دوسری ریاستوں کے مختلف علاقوں کے لوگ علاج کے لئے یہاں آرہے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں ڈائیلاسس کے سنٹرس کی تعداد کو بڑھا کر 102کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہر سال 100 کروڑ کی لاگت سے مفت ڈائیلاسیس خدمات فراہم کر رہی ہے ۔ مشن بھگیرتا اسکیم کے ذریعہ ہر گاؤں کو پینے کا پانی سپلائی کیاجارہا ہے ۔