تلنگانہ جیسی اسکیمات بی جے پی اور کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں نہیں ہے

   

عنقریب مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات : وزیر داخلہ محمد محمود علی کا ادعا
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات کی مثال کسی بھی بی جے پی اور کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں نہیں ملتی ۔ ریاست کو مزید ترقی اور نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرانے کے لیے گریجویٹ حلقوں کے کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی لازمی ہے ۔ آج پرانے شہر کے تالاب کٹہ میں واقع اسکالرس اسکول میں ٹی آر ایس گریجویٹ حلقہ کی امیدوار سرابی وائی دیوی کی تائید میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست سے برقی مسائل کا مستقبل خاتمہ ہوگیا ۔ عوام کو 24 گھنٹے برقی دستیاب ہے ۔ پینے کا پانی اور فصلوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی کی قلت بھی دور ہوگئی ۔ بڑے بڑے آبپاشی پراجکٹس اور ذخیرہ آب تعمیر کئے گئے ہیں ۔ تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ سماج کے ہر طبقہ کے غریب طلبہ کو ریزیڈنشیل اسکولس میں مفت تعلیم و قیام طعام کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ ماضی میں غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی پیدائش کو بوجھ تصور کیا جاتا تھا ۔ چیف منسٹر نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے لڑکیوں کی شادیوں کیلئے غریب خاندان کے والدین کو بہت بڑی راحت فراہم کی ہے ۔ زرعی شعبہ میں انقلابی ترقی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ کسانوں کے فلاح و بہبود کے لیے کئی اسکیمات کو متعارف کروانے کے علاوہ ریتو بندھو اور ریتو بیمہ اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 6 سال کے دوران 1.32 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ اس طرح کے اقدامات نہ بی جے پی اور نہ ہی کانگریس کے دور اقتدار ریاستوں میں انجام دئیے جارہے ہیں اس لیے ٹی آر ایس کو ہی ووٹ مانگنے کا اخلاقی ہے ۔۔