تلنگانہ حج کمیٹی کے مزید تین قافلوں کی جدہ روانگی

   

مفتی تجمل قاسمی اور محمد سلیم کا خطاب، آج مزید تین قافلے روانہ ہوں گے
حیدرآباد ۔8 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کے مزید تین قافلے آج حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوئے ۔ گزشتہ دو دنوں میں عازمین حج کے جملہ چار قافلے روانہ ہوچکے ہیں جن میں 600 عازمین شامل تھے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم اور مولانا مفتی تجمل قاسمی نے عازمین حج سے خطاب کیا اور حج ہاؤز سے بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ مفتی تجمل قاسمی نے عازمین حج کو تلقین کی کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادات پر توجہ مرکوز کریں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دعاؤں کی قبولیت یقینی طور پر ہوتی ہے ، لہذا عازمین حج کو صدقہ دل کے ساتھ دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج میں صبر اور تحمل کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایام حج کے دوران صبر و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مناسک حج کے بارے میں مکمل طورپر معلومات حاصل کرنی چاہئے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حج کیمپ اور ایرپورٹ پر مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج اور قیام سعودی عرب کے دوران سیل فون اور سوشیل میڈیا سے دوری اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج اپنے پاسپورٹ اور ریال کی حفاظت کریں۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ صبح 4.45 بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے وستارا ایرلائینس کے ذریعہ روانہ ہوگیا۔ دوسرے قافلہ نے صبح 10.15 بجے اور تیسرے قافلہ نے شام 4.15 بجے اڑان بھری۔ ہر قافلہ میں 150 عازمین شامل تھے۔ سعودی عرب سے موصولہ اطلاعات کے بموجب کل پہنچنے والے پہلے قافلہ کے عازمین نے عمرہ کی ادائیگی کا فریضہ مکمل کرلیا ہے اور عزیزیہ کی عمارتوں میں قیام پذیر ہیں۔ رہائشی عمارتوں میں بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آج دوسرے دن کے تینوں قافلے بھی جدہ پہنچ گئے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے خادم الحجاج اور بعض عازمین حج سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ قافلوں کی روانگی کے موقع پر حج کمیٹی کے ارکان سید غلام احمد حسین ، جعفر خاں ، عرفان الحق ، اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ اسی دوران کل 9 جون کو عازمین حج کے تین قافلے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ر