حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2022 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کیلئے 12 خادم الحجاج کا انتخاب کیا ہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں آج قرعہ اندازی انجام دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف کے علاوہ اقامتی اسکول سوسائٹی کے عہدیدار لیاقت حسین، دلاور علی، غوث محی الدین، سعدیہ علاو الدین موجود تھے۔ 12منتخب خادم الحجاج میں نعیم قیصر، محمد عثمان اویس، محمد خواجہ معین الدین ( محکمہ تعلیم، حیدرآباد )، امین الدین (ویٹرنری ڈپارٹمنٹ نلگنڈہ ) ، شیخ چاند ، نجیب الدین احمد ( محکمہ برقی، حیدرآباد )، محمد احمد پاشاہ ( محکمہ پولیس ) ، اقبال احمد (محکمہ پنچایت راج نظام آباد) ، مظفر الدین ( محکمہ تعلیم سنگاریڈی)، ذاکر ( محکمہ داخلہ حیدرآباد )، حافظ محمد حبیب الدین (تلنگانہ حج کمیٹی) اور محمد عبدالوحید ( تلنگانہ وقف بورڈ ) شامل ہیں۔ ویٹنگ لسٹ میں 4 خادم الحجاج کا قرعہ کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ ر
قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب کئے گئے جن میں شیخ اللہ بخش ( تلنگانہ حج کمیٹی میڑچل ) ، وحید اللہ شریف ( محکمہ تعلیم سدی پیٹ ) ، ماجد احمد ( انشورنس ڈپارٹمنٹ حیدرآباد ) اور عبدالنعیم ( محکمہ پولیس حیدرآباد ) شامل ہیں۔ اس موقع پر بی شفیع اللہ نے کہا کہ خادم الحجاج کی روانگی کا مقصد تلنگانہ کے عازمین حج کی موثر رہنمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمات میں کوتاہی پر خادم الحجاج کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ حج کمیٹی کو خادم الحجاج کے سلسلہ میں 157 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 129 کو اہل قرار دیا گیا۔ر