تلنگانہ حکومت لاک ڈاؤن سے کروڑوں کی آمدنی سے محروم

   

خرید و فروخت کاآغاز، تجارتی شعبہ جات سے دوبارہ آمدنی کے امکانات

نظام آباد :9؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کورونا وائرس کی وباء کے باعث مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈائون نافذ کرنے کے باعث گذشتہ 45 دن سے لاک ڈائون کی وجہ سے نظام آباد ضلع میں کروڑوں روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔خزانے پر اس کا بوجھ پڑ رہا ہے ہر روز حکومت کو اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ، اکسائز ، کمرشل ، ٹرانسپورٹ محکمہ جات کے علاوہ مائننگ ، میونسپل کے ذریعہ بھی ہر ماہ آمدنی حاصل ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر چند محکمہ سے بھی حکومت کو آمدنی حاصل ہوتی ہے لیکن متحدہ ضلع میں اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے ذریعہ حکومت کو ہر ماہ 8 تا 10 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے اور متحدہ ضلع میں 10 سب رجسٹراردفاتر ہیں لاک ڈائون کی وجہ سے متحدہ ضلع میں ایک کروڑ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے اور اس طرح 45 دنوں کے لاک ڈائون کے باعث تقریباً15 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ ہر سب رجسٹریشن آفس میں کم از کم ہر روز 30 ڈاکومنٹ رجسٹریشن کرنے کیلئے احکامات جاری کئے گئے اور قواعد میں نرمی کرتے ہوئے رجسٹریشن محکمہ کو بھی چھوٹ دی گئی ۔ متحدہ ضلع میں اکسائز کے ذریعہ 45 دن میں تقریباً 100 کروڑ کی آمدنی حاصل ہوتی تھی ٹیکس کے ذریعہ حکومت کو ہر ماہ 30 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوتی تھی 45 دنوں کے لاک ڈائون سے 45 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ متحدہ ضلع میں آرٹی سی کا سیزن تھا مارچ ، اپریل ، مئی آرٹی سی کا سیزن ہے اور آرٹی سی سفر کرنے والے سینکڑوں افراد گھروں تک محدود رہ گئے لاک ڈائون کی وجہ سے آرٹی سی کو بھی یومیہ ایک کروڑ کی آمدنی حاصل ہوتی تھی اس طرح آرٹی سی کو بھی 45 کروڑ روپئے کی آمدنی سے محروم ہونا پڑا۔ متحدہ ضلع میں محکمہ ٹرانسکو بھی زبردست نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ۔ نظام آباد ضلع میں ہر ماہ 57 کروڑ روپئے ، کاماریڈی ضلع میں 45 کروڑ روپئے برقی بقایہ جات ہر ماہ وصول ہوا کرتے تھے ماہ اپریل میں صرف 20 کروڑ وصول ہوئے ہیں ۔ نظام آباد ، کاماریڈی اضلاع میں برقی بقایہ جات برائے نام وصول ہوئے ہیں ۔ لاک ڈائون کے باعث تمام سرکاری محکمہ جات بند پڑے ہوئے ہیں ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ حاصل ہونے والی 40تا 50 کروڑ روپئے کی آمدنی سے محروم ہونا پڑا جبکہ ضروری اشیاء کی دکانات کھلی رکھنے کی وجہ سے رائس ملرس ، فوڈ انڈسٹری و دیگر محکمہ جات کے ذریعہ جی ایس ٹی وصول ہوئی ہے ۔ میونسپلٹیز کی آمدنی بھی قابل لحاظ آمدنی سے محروم ہونا پڑا۔ جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن نظام آباد میں رعایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ متحدہ ضلع میں تجارتی کاروبار لاک ڈائون کی وجہ سے ٹھپ ہوگئے تھے اور حکومت کو کروڑوں روپئے کی آمدنی سے محروم ہونا پڑا۔ جس کی وجہ سے لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے تجارتی شعبوں کو کھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا اور مارکٹ میں عوام کی خرید و فروخت کا آگاز ہوچکا ہے ۔ خرید و فروخت کے آغاز سے حکومت کو دوبارہ آمدنی حاصل ہونے کے امکانات ہے ۔