تلنگانہ حکومت نے قومی یکجہتی، مرکزی حکومت نے سقوط حیدرآباد

   

17 ستمبر پر سیاست

کانگریس نے یوم انضمام اور مجلس نے یوم قومی سالمیت کے طور پر منانے کا اعلان کیا

حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ منگوڈ ضمنی انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ میں 17 ستمبر پر سیاسی بازار گرم ہوگیا ہے۔ ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی اور مجلس ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں پرگتی بھون میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں بادشاہت سے جمہوریت کے سفر کو تلنگانہ بھر میں 18-17-16 ستمبر تین دن تک تلنگانہ قومی یکجہتی ہفتہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی افتتاحی تقریب کو شاندار طریقہ سے منظم کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے چیف منسٹرس کو مہمان اعزازی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے 17 ستمبر کو لیکر سیاست کرنے کا ٹی آر ایس اور بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے اس دن سے بی جے پی اور ٹی آر ایس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ملک کو آزادی دلانے والی کانگریس پارٹی اور پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو اور پہلے وزیرداخلہ سردار پٹیل نے حیدآباد اسٹیٹ کا ہندوستانی مملکت میں انضمام کیا ہے۔ انہوں نے 17 ستمبر کو یوم انضمام کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 17 ستمبر کو پرانے شہر میں مجلس کی جانب سے ترنگا ریالی کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا۔ اسدالدین اویسی نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 17 ستمبر کو ’’یوم سالمیت‘‘ کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اسٹیٹ کے ہندوستانی مملکت میں انضمام کیلئے ہندوؤں اور مسلمانوں نے متحدہ طور پر جدوجہد کی ہے۔ن