تلنگانہ ریاست کو رشوت سے پاک بنانے شعور بیداری

   


رشوت کی طلبی پر عہدیداروں کو مطلع کرنے کا مشورہ : انجنی کمار ڈائرکٹر جنرل اے سی بی کا بیان

حیدرآباد ۔3ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کو رشوت سے پاک بنانے کیلئے عوام میں شعور بیداری کو اہمیت دی جارہی ہے۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل اے سی بی تلنگانہ مسٹر انجنی کمار نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں اس سلسلہ میں پوسٹر کو جاری کیا۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی کی جانب سے مخالف رشوت خوری ہفتہ تقاریب منائی جارہی ہیں اور پوسٹر ہفتہ تقاریب کے سلسلہ میں جاری کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل اے سی بی انجنی کمار نے بتایا کہ جاریہ سال 26 نومبر تک ریاست بھر میں 103 مقدمات درج کئے گئے تھے جس میں 66 مقدمات میں عہدیداروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ غیرمحسوب اثاثہ جات کے 17 مقدمات اور فوجداری مقدمات 13 ہیں۔ اس طرح رشوت خوری کی تحقیقات کے 7 معاملات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 9 ڈسمبر کو عالمی یوم مخالف رشوت ستانی کے پیش نظر ہفتہ تقریب منائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت خوری اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری دفاتر میں سرکاری عملہ سے رشوت خوری کے خلاف عہد کروانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس کے احکامات کی اجرائی کے لئے اے سی بی کے ڈی ایس پیز کو اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر میں سٹیزن چارٹ نصب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سرکاری عہدیدار یا ملازم کی جانب سے رشوت طلب کرنے پر ٹول فری نمبر 1064 پر فون کرنے یا پھر 9440446166 واٹس ایپ نمبر پر ربط پیدا کریں۔ع