تلنگانہ ریاست کی عوام پر سب سے زیادہ محصولات

   

سوشیو اکنامک کی رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔10 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ ملک کی ان ریاستوں میں شامل ہے جو کہ اپنے شہریوں پر سب سے زیادہ محصولات عائد کرتی ہیں۔ سوشیو اکنامک رپورٹ میں ہوئے اس انکشاف کے مطابق ریاست کی آمدنی کو حاصل ہونے والے فوائد کا بڑا حصہ ریاست کی جانب سے عوام پر عائد کئے جانے والے ٹیکس ہیں ۔ سال 2022کی سوشیو اکنامک رپورٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے جملہ محصولات 7.4ہیں جو کہ ریاستی ٹیکسس میں سب سے زیادہ شمار کئے جارہے ہیں۔ ریاستی شرح مجموعی ترقیات میں تلنگانہ کے عوام کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ریاست کی آمدنی کے بڑے حصہ کا انحصار ٹیکس پر ہے اور سال 2017تا2022 کے دوران عوام کی جانب سے ادا کئے جانے والے ٹیکس نے شرح ترقیات میں اضافہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ریاست کے ذریعہ وصول کئے جانے والے ٹیکس اور اس کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں سیلس ٹیکس‘ ایس جی ایس ٹی ‘ اکسائز ڈیوٹی ‘ محکمہ مال سے ہونے والی آمدنی کے علاوہ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی شامل ہیں۔اپریل تا اگسٹ 2021 میں اس آمدنی میں 55فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سال 2019 سے سال 2021کے دوران جب کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری تھی اس مدت میں یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اکنامک رپورٹ کے مطابق سال 2017تا2021کے دوران محصولات اور غیر محصولات ذرائع آمدنی کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اس مدت میں جملہ مالی رسائد 73.8 فیصد ریکارڈ کئے گئے ہیںجو کہ دیگر ریاستوںکے مجموعی رسائد 57.7 سے کافی زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ریاست کو حاصل ہونے والی آمدنی کے مطابق ریاست کو قرض حاصل کئے بغیر اخراجات کی تکمیل کرنی چاہئے کیونکہ ریاست میں محصولات کے ذریعہ ہونے والی آمدنی کافی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ عوام سے حکومت کی جانب سے وصولی محصولات کے سبب عوام کی آمدنی اور بچت میں کمی ہونے لگی ہے کیونکہ حکومت عوام کی آمدنی میں زیادہ حصہ حاصل کررہی ہے۔م