تلنگانہ سے کانگریس اور بی جے پی کا صفایا یقینی ،شمس آباد میں جلسہ عام سے کے ٹی آر کا خطاب

   

شمس آباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) شمس آباد میں جلسہ عام سے ٹی آرایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ہی ممکن ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے سبیتا اندرا ریڈی مہیشورم رکن اسمبلی کے فرزند کارتک ریڈی کو پارٹی کھنڈوا پہناکر ٹی آر ایس میں ان کا استقبال کیا ۔ کارتک ریڈی کے ہمراہ سینکڑوں کارکنوں نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیوڑلہ پارلیمان انتخابات میں رنجیت ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ راجندر ریڈی کے علاقہ بدویل میں آئی ٹی کلسٹر قائم کیا جائے گا ۔ جس میں مقامی افراد کو ہی ملازمت فراہم کی جائے گی ۔ عثمان ساگر کی تعمیر 1920 میں ہوئی 2020 تک اسے 100 کروڑ کے ذریعہ بہترین پارک و سیرگاہ بنایا جائے گا اور ساتھ ہی صد سالہ تقریب بھی منعقد کی جائے گی ۔ شنکر پلی میں ایم ایم ٹی ایس لائین کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔ دو سال میں تمام چیوڑلہ میں کرشنا ندی کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ 2019 انتخابات میں مودی کی بی جے پی کو 150 سے کم اور راہول گاندھی کی کانگریس کو 100 سے بھی کم سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ ایسے میں تیسرا مجاز اقتدار حاصل کرے گا ۔ جس میں ٹی آر ایس پارٹی اہم کردار ادا کرے گی اور ریاست تلنگانہ کے ساتھ انصاف ہوگا اور فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہوگی ۔ اس موقع پر ملاریڈی وزیر ، مہیندر ریڈی سابق وزیر ، پرکاش گوڑ راجندر نگر رکن اسمبلی پرگی ایم ایل اے مہیش ریڈی ، وقارآباد ایم ایل اے آنند ، چیوڑلہ ایم ایل اے یادیا ، سنجے راؤ سابق رکن اسمبلی وقارآباد کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔