تلنگانہ سے کانگریس کے 13 امیدواروں کا اعلان

   

مزید چار امیدواروں کا اعلان باقی ، کانگریس سنٹرل کمیٹی کا اگلا اجلاس 31 مارچ کو مقرر
حیدرآباد۔27۔مارچ(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ سے مزید 4 لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور اب تلنگانہ کے 17 کے منجملہ 13امیدواروں کا اعلان کیا جاچکا ہے جبکہ مزید 4 حلقہ جات لوک سبھا سے امیدواروں کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں جو کہ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملکارجن کھرگے کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں مسز سونیا گاندھی ‘ مسٹر کے سی وینو گوپال ‘ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی ‘ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ڈپٹی چیف منسٹر ‘ کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ دیپا داس منشی ‘ روہت چودھری کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کی گئی 14امیدواروں کی فہرست میں تلنگانہ کے 4 امیدوار شامل ہیں جن میں حلقہ پارلیمان نظام آباد سے مسٹر ٹی جیون ریڈی ‘ حلقہ لوک سبھا عادل آباد سے ڈاکٹر ایس کماری چیلی مالا‘ حلقہ لوک سبھا میدک سے نیلم مدھو اور حلقہ لوک سبھا بھونگیر سے سی ایچ کرن کمار ریڈی شامل ہیں۔ تلنگانہ کے امیدواروں کی تیسری فہرست کی اجرائی کے بعد 17 میں جملہ 13 امیدواروں کا اعلان کیا جاچکا ہے جبکہ حلقہ جات لوک سبھا حیدرآباد‘ ورنگل ‘ کریم نگر ‘ کھمم سے امیدواروں کو قطعیت نہیں دی جاسکی ۔ ذرائع کے مطابق سی ای سی کا آئندہ اجلاس 31 مارچ کو دہلی میں منعقد ہوگا اور اس اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے مابقی 4 حلقہ جات لوک سبھا کے امیدواروں کا بھی اعلان کردیئے جانے کا امکان ہے۔3