تلنگانہ عازمین حج کی 9 مئی سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز

   

8 سال بعد جدہ کے بجائے مدینہ منورہ روانگی، 22 جون کو جدہ سے قافلوں کی واپسی، آندھراپردیش کے عازمین کی جدہ روانگی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری(سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ کے عازمین حج حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ پہنچیں گے جبکہ واپسی جدہ سے ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک کے تمام امبارکیشن پوائنٹس سے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کا شیڈول جاری کیا ہے ۔ تقریباً 8 سال کے وقفہ کے بعد تلنگانہ کے عازمین حج راست مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ زیادہ تر برسوں میں تلنگانہ سے عازمین کی روانگی جدہ عمل میں آئی تھی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے وزارت اقلیتی امور کی جانب سے ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا شیڈول ریاستی حج کمیٹیوں کو روانہ کیا ہے ۔ حیدرآباد سے عازمین حج کی روانگی کا 9 مئی کو آغاز ہوگا اور 25 مئی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ روانگی مدینہ منورہ رہے گی جبکہ جدہ سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 22 جون کو آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 21 جولائی کو حیدرآباد واپس ہوگا۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 11018 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ بعض پڑوسی ریاستوں کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوتے ہیں۔ ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں امبارکیشن پوائنٹس کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 11 امبارکیشن پوائنٹس کے عازمین اپنے مقامات سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے اور ان کی واپسی جدہ سے ہوگی۔ 9 امبارکیشن پوائنٹس کے عازمین جدہ روانہ ہوں گے اور واپسی مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی۔ جن شہروں کے عازمین حج کے قافلہ مدینہ منورہ روانہ ہوں گے ، ان میں حیدرآباد ، بنگلور ، بھوپال ، دہلی ، گیا ، گوہاٹی ، اندور ، جئے پور ، کولکتہ ، لکھنو اور سرینگر شامل ہیں۔ جدہ روانہ ہونے والے عازمین کے قافلے احمد آباد ، اورنگ آباد ، کالی کٹ ، چینائی ، کوچین، کنور ، ممبئی ، ناگپور اور وجئے واڑہ سے روانہ ہوں گے۔ وجئے واڑہ سے جملہ 841 عازمین کی روانگی کا امکان ہے جو 26 مئی تا 9 جون جدہ روانہ ہوں گے جبکہ یکم جولائی تا 21 جولائی مدینہ منورہ سے واپسی ہوگی۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا نے حج مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کے لئے عازمین حج کو 15 فروری تک مہلت دی ہے ۔ پہلی قسط کے طور پر 81800 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے ہوں گے۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد 19 فروری تک پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات متعلقہ حج کمیٹی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ حج 2024 کیلئے تلنگانہ سے 7811 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے جبکہ حج کمیٹی کو 11312 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔ 1