تلنگانہ عازمین حج کے انتخاب کیلئے 12 جنوری کو قرعہ اندازی

   

حج کمیٹی کا 10 جنوری کو اجلاس، آندھراپردیش میں 464 نشستیں بچ گئیں

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے تلنگانہ کے عازمین حج کے انتخاب کے سلسلہ میں قرعہ اندازی 12 جنوری کو حیدرآباد میں ہوگی۔ اس سے قبل حج انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے 10 جنوری کو تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کی تاریخ کو منظوری دے دی ہے۔ 12 جنوری کو 11.30 بجے دن حج ہاؤز میں قرعہ اندازی ہوگی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ان کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار اور عوامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ حج 2019 ء کیلئے تلنگانہ کو 4169 عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے جبکہ ریاست بھر سے 13388 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 484 درخواستیں وصول ہوئیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آجائے گا۔ باقی 3685 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ 12,884 درخواست گزاروں میں سے 3685 عازمین حج کی قرعہ اندازی ضلع واری بنیاد پر ہوگی۔ عام زمرہ میں حیدرآباد سے 8116 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ سب سے کم 4 درخواستیں محبوب آباد ضلع سے وصول ہوئی ہیں۔ محفوظ زمرہ کے تحت حیدرآباد سے 295 درخواستیں وصول ہوئیں جبکہ 9 اضلاع سے محفوظ زمرہ میں ایک بھی درخواست داخل نہیں کی گئی ۔ صدرنشین اور اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ ملک بھر کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کو ایک لاکھ 23 ہزار 400 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کیلئے 2602 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا لیکن وہاں صرف 2138 درخواستیں وصول ہوئیں ۔ اس طرح تمام درخواستوں کو قبول کرلیا گیا ہے اور 464 نشستیں بچ گئی ہیں۔ بہار کیلئے 12,630 کا کوٹہ مقرر ہے مگر وہاں سے صرف 4950 درخواستیں داخل کی گئیں اور 7680 نشستیں بچ گئی ہیں۔ آسام میں 7848 کوٹہ کے برخلاف 3588 درخواستیں داخل ہوئیں اور 4260 نشستیں بچ گئی ہیں۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں حج 2019 ء کے لئے درخواستوں کے ادخال کا رجحان کم ہوا ہے۔ تلنگانہ میں گزشتہ سال 17,000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی تھی لیکن جاریہ سال یہ گھٹ کر 13388 ہوگئیں۔ 10 جنوری کے حج کمیٹی اجلاس میں قرعہ اندازی کے انتطامات کے علاوہ خادم الحجاج کی قرعہ اندازی اضلاع اور شہر میں تربیتی کلاسیس اور سنٹرل حج کمیٹی کے تربیتی کلاسیس میں ٹرینرس کی روانگی جیسے امور کو قطعیت دی جائے گی۔ عزیزیہ زمرہ کے عازمین حج کے انتخاب کے بعد وہ اخراجات کی پہلی قسط ادا کریں گے۔ جس کے بعد رباط میں قیام کیلئے عزیزیہ زمرہ کے عازمین میں سے قرعہ اندازی کی جائے گی۔