تلنگانہ عوام شرمیلا کی پارٹی کو قبول نہیں کریں گے :صدرنشین قانون ساز کونسل

   

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندرریڈی نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے عوام وائی ایس شرمیلا کی نئی پارٹی کو قبول نہیں کریں گے ۔متحدہ اے پی کے سابق وزیراعلی آنجہانی راج شیکھرریڈی کی دختر و موجودہ اے پی کے وزیراعلی جگن موہن ریڈی کی بہن شرمیلا نے گذشتہ شب ضلع کھمم میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام میں تلنگانہ کے لئے ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔سکھیندرریڈی نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئی پارٹی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا کہ جب تلنگانہ کے لیڈروں کی جانب سے کئی پارٹیاں چلائی جارہی ہیں تو پھر تلنگانہ میں ایک اور پارٹی کی کیاضرورت ہے ؟انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریاست کے عوام ٹی آرایس حکومت سے خوش ہیں۔انہوں نے راج شیکھرریڈی کا نام لئے بغیر کہا کہ فنڈس جمع کرنے کیلئے کنٹراکٹرس سے کمیشن وصول کئے جاتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹی قائم کرتے ہوئے تلنگانہ سے فائدہ اٹھانے کا شرمیلا کے لئے کوئی موقع نہیں ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ آندھرائیوں کی حکمرانی میں تلنگانہ والوں سے دغابازی کی گئی تھی۔