تلنگانہ مقننہ کے تین روزہ بجٹ سیشن کا کل سے آغاز

,

   

صدر نشین کونسل، اسپیکر اسمبلی اور وزیر اُمور مقننہ نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔ 20 فروری (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے 22 فروری سے شروع ہونے والے اسمبلی اور کونسل اجلاس کے سکیوریٹی انتظامات پر آج اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں کونسل کے صدر نشین کے سوامی گوڑ نائب صدرنشین این ودیاساگر، وزیر امور مقننہ وی پرشانت ریڈی، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریولو، اسپیشل پروٹیکشن فورس کے ڈائرکٹر جنرل تیج دیپ کور، انٹلیجنس آئی جی نوین چند، پولیس کمشنر انجنی کمار کے علاوہ سائبر آباد اور رچہ کونڈا کے پولیس کمشنرس، ٹریفک، فائر سرویس اور دیگر اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اسپیکر نے اجلاس کو بتایا کہ اسمبلی اور کونسل کا سیشن 22 تا 25 فروری جاری رہے گا۔ تین روزہ اجلاس کے دوران موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ تمام کے تعاون سے ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سابق کی طرح تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ اجلاس کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بعض تجاویز پیش کیں۔ صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے کہا کہ اجلاس سے قبل پولیس عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کی روایت ہے۔ اجلاس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام محکمہ جات کو اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔