تلنگانہ میں آکسیجن کی بہتر فراہمی کے اقدامات

   

پیداوار میں اضافہ ، مرکزی حکومت کی ریاستوں کو ہدایت کے بعد انتظامات میں تیزی
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے تمام ریاستوں کے لئے آکسیجن تیار رکھنے کے احکامات کی اجرائی کے بعد تلنگانہ میں محکمہ صحت نے ریاست میں آکسیجن کی فراہمی کی سہولت کو بہتر بنانے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور کہاجا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران ریاست میں آکسیجن کی پیداوار میں مزید اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کے محکمہ صحت اور چیف سیکریٹریز کو روانہ کئے گئے مکتوب میں اس بات کی ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ اپنی ریاستوں میں 48گھنٹوں کا اسٹاک لازمی رکھ لیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے اس انتباہ کے بعد ریاستی محکمہ صحت نے شہر حیدرآباد کے علاوہ رنگاریڈی‘ ملکاجگری ۔میڑچل ‘ محبوب نگر ‘ میدک اور دیگر اضلاع میں موجود آکسیجن پلانٹس کے علاوہ سرکاری دواخانوں اور خانگی دواخانو ںمیں موجود آکسیجن پلانٹس کی کارکردگی اور ان میں موجود تکنیکی خامیوں کوفوری دور کرلینے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے خدشات کے تحت مرکزی وزارت صحت کی جانب سے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ان ہدایات کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا اسی لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق آکسیجن کی پیداوار میں اضافہ کے علاوہ آکسیجن کے بستروں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ سرکاری دواخانو ںمیں جہاں آکسیجن بستروں پر غیر کورونا مریض ہیں انہیں ڈسچارج کرتے ہوئے خالی کیا جا رہاہے تاکہ آئندہ دنوں کے دوران اگر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں انہیں فوری آکسیجن بستر کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ تلنگانہ میں فی الحال 324ٹن آکسیجن کی سہولت موجود ہے اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ 500 ٹن آکسیجن کی سہولت تیار کرنے میں مصروف ہے۔ریاست میں گذشتہ کو رونا وائرس کی لہر کے دوران 140 ٹن آکسیجن کی سہولت موجود تھی جس میں دوگنا اضافہ کیا گیا ہے اور ریاست کے بیشتر سرکاری دواخانو ں میں آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کے علاوہ بستروں کو آکسیجن سے مربوط کرتے ہوئے مریضوں کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔م