تلنگانہ میں ابرمطیر ، ریاست میں مجموعی طور پر 24 فیصد اضافی بارش

   

آئندہ دنوں مزید بارش کا امکان ، شہری علاقوں میں زیادہ تر بادل ، ماہرین موسمیات
حیدرآباد۔24۔ستمبر ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ابرمطیر (گرج کے ساتھ برسنے والے بادل) کے نتیجہ میں شدید بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ ریاست بھر میں مجموعی اعتبار سے 24 فیصد اضافی بارش کا سبب بنے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جہاں جاریہ موسم باراں کے دوران انتہائی شدید موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں ان کی بنیادی وجہ ’’ابر مطیر‘ ‘ ہے جنہیں انگریزی زبان میں کیوملنمبس کلاؤڈ کہا جاتا ہے اور یہ بادل عام طو رپر مانسون کے آغاز سے قبل اپریل اور مئی کے دوران ان بادلوں کی تشکیل عمل میں آتی ہے اور مانسون کی آمد کے بعد اس طرح کے بادل عام طور پر تشکیل نہیں پاتے بلکہ مانسون کی آمد سے قبل ہی یہ صورتحال پائی جاتی ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں 122 دن مانسون کے ریکارڈ کئے جاتے ہیں لیکن اگر خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ریکارڈ کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں سیلاب اور طوفان کی صورتحال پیدا ہونے لگتی ہے جو کہ ’ابرمطیر‘ کی تشکیل کے ساتھ ہوا کرتی ہے جس کے نتیجہ میں بادل پھٹ پڑنے کے سبب ہونے والی موسلادھار اور شدید موسلادھار بارشیں مخصوص علاقوں میں ریکارڈ کی جانے لگتی ہیں اور چند گھنٹوں بلکہ بسا اوقات چند منٹوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جانے لگتی ہے۔ خلیج بنگال میں ریکارڈ کی جانے والی ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال کے نتیجہ میں تشکیل پانے والے بادلوں کے برسنے کے نتیجہ میں جاریہ مانسون کے دوران تلنگانہ میں 24 فیصد اضافہ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے اور محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مانسون کے دوران ساحلی علاقوں میں عام طور پر ہر ماہ دو یا تین مرتبہ یہ بادل آتے ہیں لیکن اس مرتبہ تبدیلی موسم کے منفی اثرات کے نتیجہ میں ساحلی علاقوں سے زیادہ یہ بادل شہری علاقوں میں تشکیل پانے لگے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق رطوبت کے ساتھ درجہ حرات میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں بھی ان بادلوں کی تشکیل عمل میں آتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جاریہ موسم باراں کے دوران یکم جون تا ستمبر کے تیسرے ہفتہ کے درمیان ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 890 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ عام طور پر ریکارڈ کی جانے والی 700 ملی میٹر بارشوں سے 24فیصد زیادہ ہے۔3