تلنگانہ میں انتخابی ڈیوٹی کیلئے1.8 لاکھ ملازمین کو احکام جاری

   

حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) 2019 کے عام انتخابات کی تیاریوں کے ضمن میں تلنگانہ میں چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے تقریباً 1.8 لاکھ ملازمین کے انتخابی ڈیوٹی کیلئے احکام جاری کردیئے ہیں جن میں پریسائیڈنگ آفیسرس، اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس، دیگر پولنگ عہدیدار اور مبصرین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ یا اس سے زائد اہلکار دیگر انتخابی فرائض کی انجام دہی میں مشغول رہیں گے جن میں ویب کاسٹرس، ویڈیو گرافرس، ڈرائیورس، کلینرس وغیرہ بھی شامل ہیں۔ ان تمام اہلکاروں اور ملازمین اور ورکرس کی انتخابی عمل میں شمولیت اور رائے دہی میں حصہ لینے کی سہولت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ریاست کے مختلف مقامات پر الیکشن ڈیوٹی کیلئے تعینات ملازمین کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر پوسٹل بیالٹ جاری کئے گئے تھے۔ توقع ہے کہ ایسے ملازمین اس مرتبہ بھی اپنے انتخابی فرائض کی انجام دہی کے دوران حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں گے۔ اس مرتبہ بعض ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی سرٹیفکیٹ جاری کئے جارہے ہیں جو اس پارلیمانی حلقہ میں ہی فرائض انجام دیں گے جہاں وہ رہتے ہیں تاکہ وہ اپنا ووٹ ڈال سکیں۔