تلنگانہ میں ایک اور ہاؤزنگ اسکیم کا منصوبہ غریبوں کو امکنہ پلاٹس تقسیم کرنے حکومت کی توجہ

   

حیدرآباد ۔ 18 فبروری سیاست نیوز) ریاستی حکومت غریبوں کیلئے ایک اور اسکیم شروع کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ اس مرتبہ یہ مکانات کی تعمیر کیلئے پلاٹس تقسیم کرنے کی اسکیم ہوگی۔ یہ اسکیم 2BHK ہاؤزنگ اسکیم اور ذاتی پلاٹ پر مکان کی تعمیرکیلئے 3 لاکھ روپئے مالی مدد کے علاوہ ہوگی۔ عہدیداروں کے مطابق یہ اسکیم نظریاتی مرحلہ میں ہے اور جلد ہی اسے شروع کیا جائے گا۔ ذرائع نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کی مشکلات کو ملحوظ رکھتے ہوئے حال میں منعقدہ کابینی سب کمیٹی کے اجلاسوں میں مکان کی تعمیر کیلئے پلاٹس تقسیم کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے اور اس پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ اس کیلئے حکومت کیلئے بڑا چیلنج گاؤں سے شہر کی سطح تک پلاٹس کی تقسیم کیلئے دستیاب سرکاری اراضیات کی نشاندہی کرنا ہوگا۔ نیز ایک اور بڑا مسئلہ لوؤر مڈل کلاس فیملیز کی تعداد کے ڈیٹا کی تیاری ہوگا جن کے پاس مستقل مکان ہے نہ پلاٹ۔ تاہم حکومت نے ولیج، منڈل اور میونسپل سطح کے عہدیداروں کو ان کے علاقوں میں سرکاری اراضیات اسائینڈ اراضیات، دیگر سرکاری محکمہ جات کی اراضیات، وقف اراضیات وغیرہ سے متعلق رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔