سنگا ریڈی میں چیف منسٹر کی شرکت، اتم کمار ریڈی نے تمام اضلاع میں اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 15 اگست کو سنگا ریڈی میں اسمارٹ راشن کارڈ کی تقسیم کا آغاز کریں گے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں حکومت نے 1.06 کروڑ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو سنگا ریڈی میں چیف منسٹر کے پروگرام کے وسیع تر انتظامات کی ہدایت دی۔ کانگریس قائد جگا ریڈی کی نگرانی میں انتظامات کئے جارہے ہیں اور توقع ہے کہ ایک لاکھ سے زائد افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سنگا ریڈی میں چیف منسٹر کے ہاتھوں اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کے فوری بعد تمام 33 اضلاع میں عوامی نمائندوں کے ذریعہ تقسیم کا آغاز ہوگا۔ ضلع کلکٹر سنگا ریڈی پرتیک جین کو شخصی طور پر انتظامات کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔ تلنگانہ میں 1.06 کروڑ راشن کارڈس کے تحت استفادہ کنندگان کی تعداد 3.43 کروڑ ہے۔ حکومت کی جانب سے راشن کارڈ میں موجود استفادہ کنندگان کو فی کس 6 کیلو باریک چاول ہر ماہ سربراہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کیلئے ہر ضلع میں وسیع تر انتظامات کی ہدایت دی۔ اضلاع کے عوامی نمائندوں اور ریاستی وزراء کی موجودگی میں کارڈس تقسیم کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں یوم آزادی تقریب میں شرکت کے بعد چیف منسٹر سنگا ریڈی روانہ ہوں گے اور شام میں راج بھون میں گورنر کے ایٹ ہوم میں شریک ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے باریک چاول کی سربراہی پر سالانہ 1400 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد تلنگانہ میں 1632810 نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے جس کے تحت 6108544 استفادہ کنندگان ہیں۔ ریاست میں راشن کارڈس کی جملہ تعداد 10628092 ہے اور 15 اگست سے اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ 1/k