تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے تین دن باقی، جکل میں جلسہ کی تیاریاں

,

   

ریونت ریڈی کا قائدین کے ساتھ اجلاس، 7 نومبر کو یاترا مہاراشٹرا میں داخل ہوگی
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ میں تین دن باقی ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ میں یاترا کے آخری دن 7 نومبر کو بڑے جلسہ عام کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ یاترا اورجلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج نظام ساگر شوگر فیکٹری میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور ضلع کاما ریڈی سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ دن بھارت جوڑو یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یاترا کے باقی تین دن اہمیت کے حامل ہیں۔ مکتھل میں یاترا کے داخلہ سے لے کر آج تک جگہ جگہ عوام نے شاندار استقبال کیا ہے۔ منوگوڑ میں ضمنی چناؤ کے موقع پر بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ میں جاری رہنا خوش آئند ہے۔ تمام قائدین اور کارکنوں نے یاترا کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ میں یاترا 5 اور 6 نومبر کو جاری رہے گی اور 5 نومبر کی شام کارنر میٹنگ سے راہول گاندھی خطاب کریں گے۔ 6 نومبر کی شام دوسری کارنر میٹنگ ہوگی جبکہ 7 نومبر کو بڑے جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عادل آباد ، پدا پلی ، کریم نگر ، ظہیر آباد ، نظام آباد پارلیمانی حلقوں سے تعلق رکھنے والے قائدین یاترا میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 7 نومبر کو رات 9.30 بجے راہول گاندھی مہاراشٹرا میں داخل ہوں گے۔ شام 4 تا 6 بجے تلنگانہ کے حدود میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسہ عام کے لئے چار پارلیمانی حلقوں کے قائدین کو متحرک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے کوریج کو روکنے کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے سازش کی جارہی ہے۔ جکل اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے جلسہ گاہ کا معائنہ کیا اور انتظامات کو قطعیت دی۔ انہوں نے مقامی قائدین کو ضروری ہدایات جاری کی ۔ 7 نومبر کو یاترا کا تلنگانہ میں اختتام ہوگا اور مہاراشٹرا کی سرحد میں داخلہ کے وقت راہول گاندھی کو پرجوش انداز میں وداع کیا جائے گا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کو ملک بھر میں عوامی تائید ملی ہے۔ تلنگانہ میں یاترا غیر معمولی کامیاب رہی۔ جائزہ اجلاس میں پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ ، مہیش کمار گوڑ ، روہت چودھری ، آر دامودھر ریڈی ، سدرشن ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ر