تلنگانہ میں تاریخی کیور ایکٹ نافذ، جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 برخواست

   

پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ اور حیڈرا کو قانونی حیثیت دینے کا بڑا فیصلہ
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دارالحکومت حیدرآباد اور اس کے اطراف کے تمام شہری علاقوں کے نظام حکومت کو بدلنے کے لئے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ ریاست میں آج سے یعنی 2 اکتوبر 2026 سے نیا کیور ایکٹ باضابطہ طورپر نافذ کردیا گیا ہے۔ یہ نیا ایکٹ پرانے 1955 کے جی ایچ ایم سی ایکٹ کی جگہ لے گا۔ اس ایکٹ کے نفاذ کے ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، سائبر آباد میونسپل کارپوریشن اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشن میں ایک ہی واحد اور مربوط گورننس سسٹم عمل میں آجائے گا۔ اس نئے ایکٹ کے نتیجہ میں تعمیراتی اجازت ناموں ، پراپرٹی ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس کے تمام قوانین تینوں کارپوریشنس میں یکساں طور پر نافذ ہوں گے جس سے ضم شدہ علاقوں کا الگ الگ نظام ٹیکس یکسر ختم ہوجائے گا۔ فی الوقت جی ایچ ایم سی کے حدود میں پراپرٹی ٹیکس مکانات کے کرایوں کی بنیاد پر اصول کیا جاتا ہے۔ نئے کیور ایکٹ کے تحت پراپرٹی کا ٹیکس اب اس کی بنیادی کیپٹل ویلیو (جائیداد کی مالیت) کی بنیاد پر طئے کیا جائے گا جس سے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ ہوگا۔ پراپرٹی ٹیکس میں اس اضافہ کا باضابطہ اطلاق آئندہ مالی سال سے کیا جائے گا۔ تمام جائیدادوں کو ایک منفرد شناختی کوڈ جاری کیا جائے گا۔ اس کوڈ کی مدد سے پراپرٹی ٹیکس، پانی کا بل ، سیوریج کا بل اور صفائی کے اخراجات ایک ہی مربوط بل کے ذریعہ وصول کئے جائیں گے۔ تمام شہری خدمات کیلئے ایک ہی سنگل ڈیجیٹل پورٹل دستیاب کرایا جائے گا تاکہ عوام کو مختلف دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔ کیور ایکٹ نہ صرف بلدیہ کی نظم و نسق کو بدل رہا ہے بلکہ حیدرآباد کے شہری بنیادی ڈھانچہ کی حفاظت کیلئے قانون سازی کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ یہ نیا ایکٹ حیڈرا کو مکمل طور پر قومی حیثیت اور تحفظ فراہم کرے گا۔ حیڈرا کو اب تالابوں ، جھیلوں ، نہروں ، نالوں اور سرکاری اراضیات کو قبضوں سے آزاد کرانے اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے واضح اور اضافی قانونی اختیارات حاصل ہوں گے۔ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹریفک و ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹیز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔2/k