تلنگانہ میں تیسری بار بی آر ایس کی کامیابی یقینی

   

جنگاؤں میں وزیر داخلہ محمد محمود علی کی اخباری نمائندوں سے بات چیت

جنگاؤں، /21 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے دورہ ورنگل جاتے ہوئے نماز جمعہ جامع مسجد جنگاؤں میں ادا کی۔ ریاستی قائد بی ار ایس محمد خواجہ عارف الدین نے ان کا استقبال کیا اور شال پوشی کی۔ نماز جمعہ کے بعد وزیر داخلہ محمود علی نے مصلیوں ، بی آر ایس قائدین سے ملاقات کی۔ محمد مسیح الرحمن، محمد صمد، سید جہانگیر، محمد انور شریف، محمد عظیم، محمد اعجاز، محمد یعقوب ، محمد عباس، محمد اکبر ، محمد عمران ، بی یادگیری ریڈی، نور الدین ، پی لنگیا، راج کمار، سرینواس، رام پرساد اور دوسروں نے ان کی شال پوشی کی۔ انہوں نے جامع مسجد جنگاؤں کے باہر اخباری نمائندو ں سے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سیکولر قائد ہیں جنہوں نے گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے تمام لوگوں کے ساتھ مساویانہ سلوک روا رکھا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے 9 سالہ دور میں اقلیتوں اور دوسری اقوام کی بھلائی اور ترقی، خوشحالی اور تعلیم کیلئے خاصہ بجٹ رکھا ہے بالخصوص اقلیتوں کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں جگہ جگہ اقامتی اسکولس قائم کرنے کی وجہ سے مسلمان لڑکے اور لڑکیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ ماضی میں کانگریس و تلگودیشم کی حکومتیں تھیں مگر ان کا کوئی خیال نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر جنگاؤں کی عوام بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی کہ جنگاؤں میں بی آر ایس امیدوار پلا راجیشو رریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ جنگاؤں کی ترقی کیلئے غیر معمولی رول ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی راجیشور ریڈی چیف منسٹر کے سی آر کے قریبی دوست اور گھر کے آدمی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نو سال پہلے ریاست تلنگانہ اور خود جنگاؤں میں خشک سالی سے کسان پریشان رہتے تھے لیکن آج ہر طرف برقی و پانی کے رہنے سے ریاست تلنگانہ سرسبز و شاداب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی سیاسی پارٹیاں کے چندر شیکھر راؤ کو ایک عظیم سیاستداں اور چیف منسٹر مانتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی بھاری نشستوں سے کامیاب ہوکر کے سی آر کو تیسری مرتبہ چیف منسٹر بنائے گی۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہ دونوں ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں ان پر کوئی اعتماد نہ کریں۔ اس موقع پر جنگاؤں پولیس کا زبردست بندوبست دیکھا گیا جس کی نگرانی اے سی پی جنگاؤں دیویندر ریڈی نے کی۔ جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا شاکر حسین نے مسجد اقصیٰ اور مسلمانوں کی حفاظت کیلئے خاص دعاء کی۔ خواجہ عارف الدین بی آر ایس ریاستی قائد نے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کا شکریہ ادا کیا۔