تلنگانہ میں دیہی و شہری علاقوں کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ

   

ریاستی فینانس کمیشن کا اجلاس، بنیادی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر مشاورت
حیدرآباد۔25جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں موجود دیہی و شہری علاقوں کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور شہریوں کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کی سفارشات کے لئے حکومت تلنگانہ نے ملک میں پہلا منفرد اقدام کرتے ہوئے ریاستی فینانس کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جی راجیشم گوڑ کی نگرانی میںقائم کئے گئے تلنگانہ ریاستی فینانش کمیشن کا اہم اجلاس آج منعقد ہوا اس اجلاس میں ریاست میں موجود بلدیات کے اعلی عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بلدی علاقوں میں بنیادی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا اور شہری علاقوں کو ہونے والی آمدنی کے علاوہ دیہی علاقوں کی آمدنی کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کے سلسلہ میں مشاورت کی گئی ۔ تلنگانہ ریاستی فینانس کمیشن کی معیاد جو کہ 2020سے 2025تک ہے اس معیاد کے دوران ریاست کی 73بلدیات میں عوام کو بہتر خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے 40ہزار 720لروڑ کا تخمینہ لگایا گیا۔اس اجلاس میں صدرنشین تلنگانہ ریاستی فینانس کمیشن مسٹر جی راجیشم گوڑ‘ مسٹر سریش چندا آئی اے ایس ممبر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی فینانس کمیشن ‘ اراکین کمیشن بی وینکٹیشم آئی اے ایس ‘ ایم چنیا‘ مسٹر جی آر ریڈی کے علاوہ ریاستی کی شہری بلدیات کے عہدیدار موجود تھے۔مسٹر آلوک پرسنا ‘ مسٹر ایم چندرشیکھر کے علاوہ دیگر غیر سرکاری تنظیموں اور ماہرین کی جانب سے شہری بلدیات میں معیاری سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں کی جانے والی تحقیق پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سربراہی آب‘ ڈرینیج نظام ‘ بنیادی سہولتوں کی فراہمی ‘ سڑکوں اور ٹرانسپورٹ نظام کے علاوہ محفوظ علاقہ کیلئے اگلے 5برسوں کی منصوبہ بندی کے سلسلہ میں تخمینہ اندازی کی گئی ۔

بتایاجاتا ہے کہ ریاست کی 73 شہری بلدیات بشمول مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو بھی اس عظیم تر منصوبہ کا حصہ بنایا جا رہاہے ۔اس اجلاس کے دوران ریاست کو ان بلدیات سے ہونے والی آمدنی اورحکومت کی جانب سے ان بلدیات کے استحکام اور ترقیاتی کاموں کے لئے فراہم کئے جانے والے بجٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ کمیشن کی جانب سے بہت جلد اس منصوبہ بندی کی تکمیل کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کرتے وہئے اس با ت کی سفارش کی جائے گی کہ ریاست میں موجود شہری بلدیات کے علاوہ دیہی علاقوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے معیاری برقی ‘ آبرسانی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو حاصل ہونے والی سہولت کے ساتھ شہرکی مجموعی ترقی ہوسکے۔