تلنگانہ میں ستمبر کے ختم تک کورونا کیسوں میں کمی کا امکان

,

   

جی ایچ ایم سی حدود میں ختم اگسٹ تک صورتحال بہتر ہوجائے گی ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کا دعوی

حیدرآباد۔ تلنگانہ پبلک ہیلت ڈائرکٹر جی سرینوس راو نے آج کہا کہ ماہ ستمبر تک تلنگانہ میں کورونا کیسوں میںکمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اگسٹ کے ختم تک جی ایچ ایم سی کے حدود میں کورونا کیسوں میں خاطر خواہ کمی آئیگی اور ماہ ستمبر کے ختم تک تلنگانہ کے اضلاع میں بھی ایسا ہی ہوگا ۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ریاست کے دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط 1800 بستروں کا اضافہ ہوگا کیونکہ اس کیلئے ٹنڈرس طلب کرلئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں تقریبا ہر دواخانہ میں کورونا کا علاج شروع کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال میں جو بہتری پیدا ہو رہی ہے وہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ریاست میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح میں اضافہ درج کیا گیا ہے جبکہ اس وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع اور ٹاونس میں تمام سرکاری دواخانوں ‘ پرائمری ہیلت سنٹرس وغیرہ میں تمام ضروری انتظآمات کئے گئے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے کورونا کیسوں کی تعداد میں کمی لانے اور وائرس کے پھیلاو کوروکنے کے اقدامات کیلئے جملہ 100 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں اور پرائمری ہیلت مراکز میں آلات ‘ عملہ ‘ لیاب اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ کورونا مریضوں کا علاج کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری دواخانوں میں کورونا کے علاج پر اخراجات 10 ہزار روپئے سے بھی کم ہیں اور عوام کو خانگی دواخانوں سے رجوع ہونے سے گریز کرتے ہوئے سرکاری دواخانوں میں علاج کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کے سخت گیر اقدامات کے بعد خانگی دواخانوں میں بھی حکومت کی مقرر کردہ شرحوں پر کورونا کا علاج کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ زیادہ مہلک یا ہلاکت خیز نہیں ہے اور صرف دوسری بیماریوں کا شکار افراد اپنی جان گنوا رہے ہیں۔ مسٹر سرینواس راو نے بتایا کہ ریاست میں دیہی علاقوں اضلاع اور شہر کی سطح پر جملہ 1100 نگہداشت صحت کے مراکز ہیں جہاں کورونا کے معائنے کئے جا رہے ہیں۔ حکومت اس سلسلہ میںانڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے رہنما خطوط پر عمل آوری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کورونا سے متاثر ہیں ان میں 14 فیصد کو وینٹیلیٹر کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔ حکومت سے جو معائنے کئے جا رہے ہیں وہ مفت ہیں اور حکومت ان تمام افراد کی مدد کریگی جو کورونا کی وجہ سے ہوم آئسولیشن میں ہیں اور دوسرے امراض کا شکار ہیں۔ جن مریض شدید متاثر ہیں ان کا دواخانوں میں علاج کیا جائیگا ۔