حیدرآباد4نومبر(یواین آئی)تلنگانہ کے شہری اور مضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں کہراور سردہواؤں کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ سردی کی لہر میں بتدریج اضافہ کے ساتھ ہی بلدی ورکرس اور چہل قدمی کرنے والے منکی کیپ کے ساتھ باہر نکل رہے ہیں۔صبح اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ ہورہی ہے ۔ صبح 9 بجے بھی سورج نہیں نکل رہا ہے ۔ سڑکوں پر کہرچھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شام 5 بجے کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ درج کیاجارہا ہے ۔ عادل آباد ضلع میں اقل ترین درجہ حرارت 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ متحدہ میدک ضلع میں سردی کی شدت میں اضافہ درج کیا جارہا ہے ۔ شاہراہوں اور سڑکوں پر کہرچھائی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں سامنے سے آنے والی گاڑیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔