تلنگانہ میں سرکاری جونیئر کالجس میں داخلوں کے رجحان میں اضافہ

   

1201 جونیئر کالجس ، اسمبلی میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان
حیدرآباد: وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ریاستی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ ریاست میں جملہ 1201 جونیئر کالجس موجود ہیں ، ان میں 445 منڈلوں کے علاوہ مختلف ویلفیر ڈپارٹمنٹس کے تحت چلنے والے جونیئر کالجس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 404 سرکاری جونیئر کالجس اور 38 ایڈیڈ جونیئر کالجس محکمہ تعلیم کے تحت کام کر رہے ہیں۔ کے جی بی وی اور ماڈل اسکول کے علاوہ مختلف ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے تحت 759 جونیئر کالجس کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر تعلیم کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری اور خانگی کالجس میں کونسلرس کا تقرر کیا ہے۔ کورونا کے پیش نظر طلبہ کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے ٹی سیاٹ کے تحت 80 فیصد نصاب کی آن لائین کلاسس کے ذریعہ تکمیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جونیئر کالجس میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ 2018-19 ء میں ایک لاکھ 66 ہزار طلبہ نے داخلہ لیا تھا جبکہ 2019-20 ء میں 1.77 لاکھ اور 2020-21 ء میں 1.78 لاکھ طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادنگر کے تحت کتور ، نندی گام ، کندرگ اور چودھری گوڑہ منڈلوں میں جونیئر کالجس کے قیام کی تجویز حکومت کو روانہ کی گئی ہے۔