تلنگانہ میں عوام لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں : ہریش راؤ

   

محکمہ صحت کا خصوصی اجلاس، کورونا ٹسٹ، علاج اور ٹیکہ اندازی پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ہریش راؤ نے کورونا کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر عوام سے لازمی طور پر ماسک کا استعمال کرنے اور کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ صحت کو متحرک ہوجانے مختلف اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ ہندوستان کے علاوہ بیرونی ممالک امریکہ، شمالی کوریا، جرمنی میں کورونا کے کیسیس میں دوبارہ اضافہ ہوجانے پر آج محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسیس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ مہاراشٹرا اور تاملناڈو میں کورونا کے کیسیس دوگنا ہوگئے ہیں۔ تلنگانہ میں صورتحال قابو میں ہے۔ دوسری ریاستوں کی بہ نسبت تلنگانہ مثبت شرح بہت کم ہے۔ باوجود اس کے متحرک ہوجانے کی ضرورت ہے۔ محکمہ صحت خصوصی اقدامات کریں۔ کوویڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پوری طرح تیار ہے۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوویڈ کے قواعد پر سختی سے عمل آوری کریں۔ لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔ ہجوم والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ کورونا کی علامتیں نظر آنے پر پرائمری ہیلت سنٹرس، بستی دواخانوں کے علاوہ تمام سرکاری ہاسپٹلس سے رجوع ہوتے ہوئے کورونا ٹسٹ کرائے۔ محکمہ صحت کے عہدیدار کورونا ٹسٹ، علاج اور ٹیکہ اندازی مہم پر خصوصی توجہ دیں اور عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ن