تلنگانہ میں فاکسکان کمپنی کی سرمایہ کاری میں مزید 400 ملین ڈالر کا اضافہ

   

ریاست کی تیزی کے ساتھ ترقی، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا ٹوئیٹ

حیدرآباد۔12۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں فاکسکان کمپنی نے مزید 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کافیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران کمپنی اس سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔ وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ یہ بات بتائی اور کہا کہ 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ کونگرا کلاں میں فاکسکان نے اپنے مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلہ میں ماہ مئی کے دوران سنگ بنیاد تقریب منعقد کی گئی تھی۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں اور تلنگانہ میں صنعتوں کے لئے ریاست میں فراہم کی جانے والی سرکاری سہولتوں کو دیکھتے ہوئے فاکسکان کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں مزید 400ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ تلنگانہ تیزی کے ساتھ ترقی کی منزلیں طئے کر رہی ہے اور بیرونی کمپنیوں کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے معاملہ میں ظاہر کی جانے والی دلچسپی سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ریاست میں عالمی کمپنیوں کو جو سہولتیں حاصل ہورہی ہیں وہ ملک کی دیگر ریاستوں میں حاصل نہیں ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اختیار کی گئی پالیسی کا مقصد ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کرنا اور نوجوانوں کو عالمی کمپنیوں میں خدمات کی انجام دہی کے معاملہ میں سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے انہیں اس جانب راغب کرنا ہے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو نہ صرف شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں بلکہ ریاست کے ان شہروں میں جو Tier-II شہر کے زمرہ میں ہیں ان علاقوں میں بھی سرمایہ کاری کے لئے راغب کر رہی ہے تاکہ ان علاقوں کی بھی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔فاکسکان کی مزید 400 کروڑ کی سرمایہ کاری کے متعلق فیصلہ کا مکتوب بھی وزیر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کمپنی کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے ممکنہ حد تک بہتر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کرے گی اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔مجموعی اعتبار سے اب فاکسکان کی جانب سے تلنگانہ میں 550ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔