تلنگانہ میں فیل گڈ فیکٹر پایا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر

   

حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے عوام مطمئن، لوک سبھا انتخابات میں کانگریس شاندار مظاہرہ کرے گی
حیدرآباد ۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ کانگریس حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر عوام میں فیل گڈ فیکٹر (Feel Good Factor) پایا جاتا ہے اور یہی فیکٹر لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے گا۔ کانگریس حکومت نے وعدہکے مطابق 6 میں 5 گیارنٹی پر عمل کردیا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہے۔ آروگیہ شری رقم کی امداد کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کردیا گیا ہے۔ 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ 500 روپئے میں پکوان گیس سربراہ کیا جارہا ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ خواتین کو خودمختار بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں، جس کی وجہ سے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ سے زیادہ سے زیادہ حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں 6 اپریل سے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ تکوگوڑہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں ملکاارجن کھرگے اور راہول گاندھی اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ ملوبٹی وکرامارک نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ریتو بندھو اسکیم کے چیکس کسانوں کے بنک کھاتوں میں جمع نہ کرانے کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ تاحال 64 لاکھ 75 ہزار کسانوں کے بنک کھاتوں میں 5500 کروڑ روپئے جمع کردیئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں 92 فیصد کسانوں کو ریتو بندھو اسکیم سے فائدہ پہنچایا گیا ہے۔2