چیف منسٹر کی ریاستی وزراء کے ساتھ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات ‘ یادداشت حوالے
حیدرآباد۔20 فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ وزیر عمارات و شوارع کے ہمراہ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کرکے ریاست کے مسائل پیش کئے اور انہیں تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی ترقی پر یادداشت حوالہ کرکے کہا کہ تلنگانہ میں قومی شاہراہ کی ترقی اور دیگر ریاستوں سے مربوط ہونے والی اہم شاہراہوں کی توسیع کے اقدامات کئے جانے ہیں جو کہ کئی برسوں سے زیر التوا ہے۔ نتن گڈکری کو پیش یادداشت میں ریونت ریڈی اور دیگر وزراء نے خواہش کی کہ تلنگانہ کی 15 شاہراہوں کو قومی شاہراہ کا درجہ دیتے ہوئے ترقی یقینی بنائی جائے ۔ چیف منسٹر نے وزیر ٹرانسپورٹ کو مکتوب میں حیدرآباد ۔ سری سیلم شاہراہ کو 4ٹریک شاہراہ کے طور پر ترقی کے علاوہ حیدرآباد ۔کلواکرتی شاہراہ کو بھی 4ٹریک بنانے کی اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے شہر کے اطراف زیر تعمیر ریجنل رنگ روڈ کی ترقی کے اقدامات اور اس کے جنوبی حصہ کی فوری ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ شاہراہ کو 6 ٹریک بنانے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس طرز پر دیگر شاہراہوں کی ترقی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نتن گڈکری سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کے نلگنڈہ میں ٹرانسپورٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کو یقینی بنا نے کے علاوہ شاہراہ سے نلگنڈہ شہر میں داخلہ کیلئے بائی پاس کی منظوری کی اپیل کی جس پر گڈکری نے تیقن دیا کہ وزارت ٹرانسپورٹ حکومت تلنگانہ کی تمام سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ان پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے اقدامات کریگا۔ انہو ںنے بتایا کہ ان کی وزارت تلنگانہ میں شاہراہوں کی ترقی کی تجاویز تیار کرکے ان پر عمل کے اقدامات کرے گی اور تلنگانہ میں ٹرانسپورٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔3