چیف منسٹر ریونت ریڈی کا نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے عہدیداروںکے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کے علاوہ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ سانتھی کماری و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ قومی شاہراہوں کی ترقی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جائیدادوں کے حصول کی تیاریاں شروع کریں تاکہ قومی شاہراہوں کی توسیع کے سلسلہ میں اقدامات کئے جاسکیں۔ چیف منسٹر نے مختلف اضلاع کے کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ شاہراہوں کی توسیع کے اقدامات کے سلسلہ میں حاصل کی جانے والی اراضی و دیگر تجاویز اعلیٰ عہدیداروںکو جلد سے جلد پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران ہدایت دی کہ جن مالکین کی اراضیات قومی شاہراہوں کی توسیع کے لئے حاصل کی جار ہی ہیں ان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بہتر معاوضہ ادا کرنے کی پالیسی تیار کی جائے تاکہ اپنی جائیدادوں سے محروم ہونے والے جائیدادمالکین کو بہترین انفراسٹرکچر کی تیاری کے لئے اپنی اراضیات حوالہ کرنے میں کسی بھی طرح کا کوئی تامل نہ ہو۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکز سے کی گئی نمائندگی میں ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی خواہش کی گئی تھی جس پر مرکزی حکومت کی جانب سے مثبت ردعمل ظاہر کیاگیا ہے اور اب حکومت کی جانب سے جلد ہی ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کی تکمیل کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا تاکہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعہ ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ قومی شاہراہوںکی توسیع اور تعمیری کاموں کے دوران ہونے والی مشکلات کو کم سے کم کیا جائے اور عوام کو تکالیف کے بغیر ان توسیعی کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے تاکہ شاہراہوں پر کسی بھی طرح کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پائے۔چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس میں موجود نیشنل ہائی اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کو درپیش مشکلات کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے ویڈیو کانفرنس کے دوران ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ NHAI کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ تال میل کو بہتر بناتے ہوئے ان دشواریوں کو دور کرنے کے اقدامات کریں جو کہ شاہراہوں کی توسیع میں پیدا ہورہی ہیں۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ جاریہ ماہ کے اواخر تک تمام تجاویز اعلیٰ عہدیداروں کے پاس روانہ کرنے کے اقدامات کریں تاکہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ ریجنل رنگ روڈ منچریال ۔ورنگل ۔کھمم ۔وجئے واڑہ راہداری پر جائیدادوں کے حصول اور دیگر کاموں کا آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ جاریہ ماہ کے اواخر میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں اب تک حاصل کی گئی جائیدادوں کی تفصیلات اور جن جائیدادوں کو حاصل کیا جانا ہے ان کی تفصیلات کو بھی شامل کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے جائزہ اجلا س کے دوران نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کو ریاست میں جاری پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے لئے ممکنہ تعاون کا تیقن دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ان پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں مکمل تعاون کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی مجموعی ترقی کے لئے مختلف کلسٹرس کی نشاندہی کرتے ہوئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں موجود علاقوں کوشہری علاقوں کے طرز پر ترقی دینے کے علاوہ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈکے درمیان موجود علاقوں کی نیم شہری علاقوں کے طور پر ترقی کے ساتھ ساتھ ریجنل رنگ روڈ کے باہر موجود علاقوں کی دیہی علاقوں کے طور پر ترقی دینے کے لئے تین کلسٹرس کی تیاری کا فیصلہ کیاگیا ہے اسی لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کلسٹرس کی بھی ترقی کو ساتھ ہی یقینی بنایاجائے ۔اس جائزہ اجلاس میں محکمہ مال کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات بالخصوص محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں کے علاوہ شاہراہوں کی ترقی کے ماہرین جنہوںنے ریاست کی مختلف شاہراہوں کو بہتر بنایا ہے وہ بھی شامل تھے ۔3