تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ میں سرکاری بوگسنگ کا الزام

   

رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ٹی آر ایس کے فائدہ کے لیے، کانگریس ترجمان نظام الدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں سرکاری بوگس رائے دہی کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے برسر اقتدار ٹی آر ایس کو فائدہ پہنچانے کیلئے رائے دہی کے فیصد میں الٹ پھیر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے تک رائے دہی کا جو فیصد بتایا گیا تھا، اس میں بعد میں بھاری اضافہ ہوگیا ۔ اندیشہ ہے کہ الیکشن حکام نے ٹی آر ایس کی ضرورت کے مطابق یہ اقدام کیا ہو۔ نظام الدین نے کہا کہ نظام آباد کو چھوڑ کر دیگر حلقوں میں شام 5 بجے تک رائے دہی مقرر تھی ۔ انتخابی قواعد کے مطابق شام 5 بجے اگر رائے دہندے قطار میں ہوں تو انہیں رائے دہی کا موقع دیا جائے گا ۔ اس کا فائدہ اٹھاکر الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کردیا ۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ کئی پولنگ بوتھس میں ای وی ایم مشینیں یا رائے دہی کا فیصد تبدیل کردیا گیا۔ جن مقامات پر ٹی آر ایس کو شکست کا خوف تھا وہاں یہ کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں 14.13 فیصد کا اضافہ کیا گیا جبکہ محبوب آباد میں 8.89 ، نلگنڈہ 8 فیصد ، کھمم 7.32 فیصد ، سکندرآباد 7.06 فیصد، ملکاجگیری 6.65 فیصد ، پدا پلی 6.14 فیصد ، بھونگیر 6.14 فیصد ، حیدرآباد 5.26 فیصد ، ناگر کرنول 5.17 فیصد ، عادل آباد 4.64 فیصد، ورنگل 3.79 فیصد ، میدک 3.12 فیصد، ظہیر آباد 1.87 فیصد ، کریم نگر 1.45 فیصد اور محبوب نگر میں 0.4 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے چیوڑلہ میں رائے دہی کے فیصد میں کمی پر حیرت کا اظہار کیا ۔ شام 5 بجے تک 53.8 فیصد کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد میں 53.22 فیصد کی اطلاع دی گئی ۔ اس طرح چیوڑلہ میں 0.58 فیصد رائے دہی کم کردی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے تحت 24 گھنٹے میں دو مرتبہ اعداد و شمار میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کردیا گیا۔ نظام الدین نے الیکشن کمیشن سے 17 لوک سبھا حلقوں میں ہر گھنٹہ ہر بوتھ کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار پر عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔