فی الحال 35.95 لاکھ افراد کو پنشن ، جن پر ماہانہ 800 کروڑ روپئے کے اخراجات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں فی الحال 35.95 لاکھ افراد کو آسرا پنشن دیا جارہا ہے ۔ جس پر ماہانہ 800 کروڑ روپئے کے اخراجات ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 15 اگست سے ریاست میں مزید 10 لاکھ نئے آسرا پنشن دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جس پر مزید 200 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا ۔ 15 اگست کے بعد ریاست میں آسرا پنشن حاصل کرنے والوں کی تعداد 46 لاکھ ہوجائے گی اور ماہانہ اس پر 1000 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ عہدیداروں کی جانب سے نئے پنشن حاصل کرنے والوں کے تمام استفادہ کنندگان کو بارکوڈ پر مشتمل پاس بک جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ 15 اگست سے اس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ وزراء ، ارکان اسمبلی اور دیگر مقامی اداروں کے منتخب عوامی نمائندے مستحقین میں یہ پاس بکس تقسیم کریں گے ۔ ملک کے کسی بھی ریاست میں اس طرح کی پنشن سہولت نہیں ہے ۔ تلنگانہ میں 10 زمروں معمرین ، معذورین ، بیواؤں ، تنہا خواتین ، فیلریا ، ایچ آئی اوی مریضوں ، بیڑی ورکرس ، بافندے ، تاڑی تاسندوں کو آسرا پنشن دیا جارہا ہے ۔ حکومت ایک اور تازہ فیصلہ کرتے ہوئے اس فہرست میں ڈائیلاسیس کے مریضوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں 12 ہزار ڈائیلاسیس مریض ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ انہیں موجودہ سہولتوں کو برقرار رکھتے ہوئے مزید 2016 روپئے ماہانہ پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ ن