مرکز اور ریاست مساوی طور پر نصف خرچ برداشت کریں گے، 3 ماہ میں ملیں گے نئے EPIC ووٹر کارڈس
ایک شخص، ایک قوم اور ایک ووٹ کے فلسفہ پر عمل آوری، جدید ٹیکنالوجی سے ڈپلیکیٹ ووٹوں کی فلٹرنگ
حیدرآباد ۔12 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹرلسٹوں کی جامع خصوصی نظرثانی (SIR) کے عمل کو شفاف اور جدید بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر مالی اور انسانی وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انتخابی ذرائع کے مطابق اس پورے “SIR” اور تصدیقی عمل پر ریاست میں تقریباً 220 کروڑ روپئے کی کثیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس کثیر بجٹ کا ایک بڑا حصہ عملہ کی تنخواہوں، نگرانی اور فیلڈ سرگرمیوں پر خرچ ہورہا ہے۔ اس مہم کیلئے تعینات کئے گئے عملہ کی تنخواہوں اور الاونسس کی حد میں تقریباً 83 کروڑ روپئے خرچ ہورہے ہیں۔ باقی رقم فیلڈ اسٹاف کی سرگرمیوں، نگرانی، تربیتی پروگرامس، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر تکنیکی و انتطامی انتظامات پر استعمال کی جارہی ہے۔ انتخابی حکام نے وضاحت کی ہیکہ اس تمام آپریشنل اخراجات کا نصف حصہ مرکزی حکومت اور نصف حصہ ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ بڑی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ووٹر کی تفصیلات کی تصدیق اور ڈپلیکیٹ رجسٹریشن کی شناخت کیلئے اضافی تکنیکی وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کا کہنا ہیکہ تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد تقریباً 3 ماہ میں مستحق شہریوں کو نئے EPIC ووٹر شناختی کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ SIR کے تحت جن ووٹرس کی میاپنگ نہیں ہوسکی ہے، ان کی مزید سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ان ووٹرس کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تجویز کردہ منظور شدہ دستاویزات میں سے کوئی ایک پیش کرکے اپنی شناخت اور پتے کی تصدیق کروانی ہوگی۔ بغیر مناسب ثبوت والے ریکارڈس، غلط تفصیلات اور ایک ہی شخص کے متعدد مقامات پر ناموں کی گہرائی سے جانچ کی جارہی ہے۔ الیکشن حکام نے واضح کیا کہ ووٹر لسٹوں کی درستگی کا عمل صرف SIR کی تکمیل سے ختم نہیں ہوگا۔ ملک بھر کی تمام ریاستوں میں عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹر لسٹوں کا قومی سطح پر دوبارہ جامع جائزہ لیا جائے گا۔ اس جائزہ میں نئے رجسٹرڈ ووٹرس، حذف کئے جانے والے ناموں، ڈپلیکیٹ اندراجات اور پتے کی تبدیلیوں کی مکمل کراس ویریفیکیشن کی جائے گی۔ انتخابی حکام کے مطابق ایک شخص، ایک قوم، ایک ووٹ کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ووٹر ڈیٹا کو دوبارہ فلٹر کیا جائے گا تاکہ بوگس ووٹنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہو۔2/a/b