تلنگانہ میں کانگریس برسر ا قتدار آنے پر دلت چیف منسٹر: وینکٹ ریڈی

   

کانگریس چھوڑنے کا سوال ہی نہیں، دلتوں کے ساتھ کے سی آر کی جھوٹی ہمدردی
حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر دلت کو چیف منسٹر بنانے کے لئے ہائی کمان سے نمائندگی کریں گے ۔ منچریال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس دلتوں کے ساتھ ہمدردی کا جھوٹا ڈرامہ کر رہی ہے۔ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن الیکشن کے بعد خود چیف منسٹر بن گئے ۔ کانگریس پارٹی دلتوں کی حقیقی ہمدرد ہے، لہذا تلنگانہ میں پارٹی برسر اقتدار آنے پر وہ دلت چیف منسٹر کی خواہش کریں گے ۔ مہیشور ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو مہیشور ریڈی کے جانے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ میرے بارے میں بھی بارہا افواہیں گشت کی گئیں کہ پارٹی چھوڑنے والا ہوں۔ میں کانگریس سے وابستہ ہوں اور پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 33 سال سے کانگریس میں برقرار ہیں۔ پردیش کانگریس کی صدارت نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں وہ پد یاترا کا منصوبہ نہیں رکھتے۔ بھٹی وکرمارکا کے ساتھ پد یاترا میں شامل ہونے کیلئے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے سے درخواست کریں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے دلتوں کیلئے کچھ نہیں کیا، صرف امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب سے دلتوں کی بھلائی نہیں ہوگی۔ر