سرورنگر اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب ، راہول گاندھی کو نوجوانوں کے مسائل نظر نہیں آتے
حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی کانگریس کی سیاسی موت کا وقت آ گیا ہے۔ سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقدہ یوتھ کانفرنس جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ کانگریس حکومت نے نوجوانوں کو 70 ہزار ملازمتیں فراہم کی ہیں تو میں ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑدوں گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت نے 10 ہزار ملازمتیں بھی فراہم نہیں کی ہے۔ اسمبلی میں جو جاب کیلنڈر پیش کیا گیا تھا وہ محض ایک کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ’’ووٹ برائے نوٹ‘‘ کا چور قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت پچھلی بی آر ایس حکومت کے کاموں کا کریڈٹ چوری کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی اشوک نگر آئے بسکٹ کھائے اور ہمارے نوجوانوں کیلئے بسکٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ راہول گاندھی کو تلنگانہ کے نوجوانوں کے مسائل نظر نہیں آتے۔ کے ٹی آر نے جذباتی انداز میں کہا کہ کانگریس نے الیکشن میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے ڈیکلریشن کے نام پر نوجوانوں اور طلبہ کے جذبات سے کھلواڑ کیا ہے۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد انتخابی منشور اور یوتھ ڈیکلریشن کے ذریعہ جو وعدے کئے گئے تھے انہیں فراموش کردیا ہے۔ حق کی آواز اٹھانے نوجوانوں کے خلاف پولیس کی طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ کانگریس ایک خون چوسنے والی پارٹی میں تبدیل ہوگئی ہے۔ ملازمتیں فراہم کرنے، بیروزگاری بھتہ فراہم کرنے، کالج کی طالبات کو اسکوٹی دینے جیسے وعدوں کو نظرانداز کرچکی ہے۔ ریونت ریڈی کے ذریعہ دہلی کے گاندھیو ںکی تجوریاں بھری جارہی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی سیاسی موت کا وارنٹ جاری کردیا جائے۔ نوجوان متحد ہوجائیں۔ ہٹلر کی نظریات پر عمل کرنے والے ریونت ریڈی کا ووٹ کی طاقت کے ذریعہ ہٹلر سے بدتر حال کیا جائے۔ تلنگانہ میں نوٹیفکیشن کے بجائے لوٹیفکشن کا راج چل رہا ہے۔ کانگریس کے قائدین جب کیلنڈر پر توجہ دینے کے بجائے جیبوں کو بھرنے پر زیادہ ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ٹکرانے والی کوئی بھی سیاسی پارٹی کا مستقبل غرق ہوجائے گا۔ ریاست میں کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔H/2