لوک سبھا چناؤ میں راہول گاندھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار، بنڈی سنجے کے فرزند کے معاملہ میں قانون اپنا کام کرے گا، میڈیا کانکلیو سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔15۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کی جانب سے راہول گاندھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔ حیدرآباد میں ایک خانگی میڈیا ہاؤز کے کانکلیو میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ گاندھی خاندان پر عوام کو مکمل بھروسہ ہے۔ ہندوستانی عوام ملک کے لئے گاندھی خاندان کی قربانیوں سے بخوبی واقف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے 10 برسوں تک تلگو دیشم پارٹی میں کام کیا ہے اور چندرا بابو نائیڈو ابھی بھی ان کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے کے بعد قیادت سے بہتر تعلقات برقرار رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ملک میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں وزیراعظم کے عہدہ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وقار آباد میں پارٹی کے اجلاس میں میں نے راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کے عہدہ کو قبول کرنے کی خواہش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ کانگریس کی جانب سے راہول گاندھی کے نام کے اعلان کے بعد حلیف پارٹیوں کو راضی کیا جائے گا۔ انڈیا الائنس کی جانب سے عوام کیلئے پالیسی ڈاکیومنٹ جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 سے 2034 تک تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار رہے گا اور 2034 تک میں ہی چیف منسٹر رہوں گا اور عوام کی خدمت کروں گا۔ 2034 کے بعد میں چیف منسٹر کا عہدہ آنے والی نسل کے لئے چھوڑ دوں گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی ترقی میں تلنگانہ کی حصہ داری 10 فیصد ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور انہیں انصاف دلانے کے لئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ 8 مئی کی رات نابالغ لڑکی کی ماں نے پیٹ بشیر آباد پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ 9 مئی کو دفعات تبدیل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ وزیراعظم کے دورہ کے انتظامات میں پولیس عہدیدار مصروف رہے، لہذا 11 مئی کو نوٹس جاری کی گئی ۔ بنڈی سنجے کے فرزند نے متاثرہ لڑکی کے خلاف کریم نگر میں شکایت درج کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ہی نوٹس جاری کی ہے۔ چیف منسٹر نے بنڈی سنجے کی تائید کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں ان کے ساتھ ہوتا تو پوکسو کیس درج نہیں ہوتا۔ پولیس کی پانچ ٹیمیں اس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بنڈی سنجے کو تحقیقات کیلئے اپنے فرزند کو پیش کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ 15 دن میں ایک بار اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے نظم و نسق کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے پروگرام میں میں نے چیف منسٹر کی حیثیت سے شرکت کی۔ بی آر ایس دور حکومت میں کے سی آر نے مرکز سے ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔1/k